Tuesday, January 27, 2026 | 08, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • پدم ایوارڈ 2026: ان مسلم فنکاروں کو ملا قومی سطح کا اعزاز

پدم ایوارڈ 2026: ان مسلم فنکاروں کو ملا قومی سطح کا اعزاز

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 26, 2026 IST

پدم ایوارڈ 2026: ان مسلم فنکاروں کو ملا قومی سطح کا اعزاز
پدم ایوارڈ 2026 میں اس بار پانچ مسلم شخصیات کو ان کے غیر معمولی کردار کے لیے نوازا گیا ہے۔ موسیقی، سنیما، تھیٹر، ادب اور لوک آرٹ جیسے مختلف شعبوں میں دہائیوں کی ریاضت اور تخلیقی محنت کے بعد ان ناموں کو ملک کے معتبر شہری اعزازات سے سرفراز کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف انفرادی کامیابیوں کی پہچان ہیں بلکہ بھارت کی مشترکہ وراثت کی بھی علامت ہیں۔
 
ڈھولک کی تھاپ سے شہرت پانے والے حاجی رمکڑو:
 
گجرات کے جوناگڑھ سے تعلق رکھنے والےمیر حاجی بھائی کسام بھائی کو فن کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات کے لیے پدم شری سے نوازا گیا ہے۔ وہ ڈھولک کے ماہر ہیں اور  لوگوں کے مابین حاجی رمکڑو نام سے مشہور  ہیں۔انہوں نے موراری باپو کی کتھا سبھا میں ڈھولک بجانے کے بعد بڑے پیمانے پر پہچان حاصل کی۔ ان کا ڈھولک انداز منفرد ہے۔
 
انہوں نے ایک  فنکار کے طور پر، 3000 سے زیادہ پروگراموں میں ڈھولک بجائے ہیں۔ اپنے طویل کیریئر کے دوران، وہ 1,000 سے زیادہ اسٹیج پرفارمنس کا حصہ رہے ہیں، جس نے انہیں عوام میں مقبولیت اور موسیقی کے میدان میں ایک خاص مقام دیا۔
 
 ممتوتی کو ملا پدم بھوشن:
 
ملیالم فلم سنیما کے لیجنڈ اداکار مموتی (Mammootty) کو پدم بھوشن 2026 سے نوازا گیا ہے۔ کیرالہ سے تعلق رکھنے والے مموتی بھارتی سنیما کے سب سے بااثر فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ پانچ دہائیوں سے زیادہ کے کیریئر میں انہوں نے کئی زبانوں کی 400 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی ہے۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ تعلیم اور صحت سے جڑے سماجی کاموں میں بھی فعال طور پر شامل رہے ہیں، جس سے ان کی سماجی ذمہ داری بھی سامنے آتی ہے۔
 
آسام کے تھیٹر کو نئی سمت دینے والے فنکار:
 
آسام کے تھیٹر دنیا کے مضبوط ستون نور الدین احمدکو پدم شری 2026 سے نوازا گیا ہے۔ انہیں جدید آسامی اسٹیج آرٹ کا معمار مانا جاتا ہے۔ انہوں نے 4,000 سے زیادہ تھیٹر پرفارمنس کے لیے سیٹ ڈیزائن تیار کیے اور آسام کے موبائل تھیٹر موومنٹ کو نئی شناخت دی۔ ان کے کام نے تھیٹر کو عام لوگوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
 
شفیع شوق نے کشمیری ادب کو بلند آواز دی:
 
جموں و کشمیر کے مشہور ادیب شفیع شوق کو پدم شری 2026 سے سرفراز کیا گیا ہے۔ فلسفہ، شاعری، تنقید اور فلم ا سکرپٹ سمیت 100 سے زیادہ تخلیقات کے ذریعے انہوں نے کشمیری تحریر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ ان کی تخلیقات نے کشمیر کی ثقافتی اور فکری روایت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پہچان دلائی ہے۔
 
میواتی لوک فن کے آخری محافظ غفر الدین میواتی:
 
راجستھان کے سینئر لوک فنکار غفر الدین میواتی جوگی کو بھی پدم شری 2026 سے نوازا گیا ہے۔ وہ پچھلے پانچ دہائیوں سے میواتی لوک فن کی خدمت کر رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وہ ان چند فنکاروں میں شامل ہیں جو مہابھارت کے "پنڈون کا کڑا" کے تمام 2,500 جوڑے پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔