Wednesday, May 20, 2026 | 02 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ثنا یوسف قتل کیس میں تاریخی فیصلہ، جنونی عاشق‘ عمر حیات کو سزائے موت کا حکم

ثنا یوسف قتل کیس میں تاریخی فیصلہ، جنونی عاشق‘ عمر حیات کو سزائے موت کا حکم

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 20, 2026 IST

ثنا یوسف قتل کیس میں تاریخی فیصلہ، جنونی عاشق‘ عمر حیات کو سزائے موت کا حکم
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے مقبول سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کے قتل کیس کا تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے مجرم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی ہے۔ ضلع اور سیشن کورٹ نے اس ہائی پروفائل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو مقتولہ کے خاندان کو20 لاکھ پاکستانی روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ، عدالت نے ڈکیتی اور دیگر جرائم کے تحت عمر حیات کو مجموعی طور پر21 سال کی اضافی قید کی سزا بھی سنائی ہے۔
 
کیا تھا پورا معاملہ؟
 
واضح رہے کہ گزشتہ سال مقبول سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں گھس کر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد پورے پاکستان میں خواتین کے تحفظ، سوشل میڈیا کے ذریعے بڑھتے ہوئے جنون اور اسٹاکنگ (پیچھا کرنے) جیسے سنگین مسائل پر بحث چھڑ گئی تھی۔
 
کیس کی تحقیقات کے دوران اسلام آباد پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ ملزم عمر حیات طویل عرصے سے ثنا یوسف سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل ثنا سے بات کرنا چاہتا تھا، لیکن ثنا نے اس کی ان کوششوں کو بری طرح مسترد کرتے ہوئے اسے کئی بار منع کیا تھا۔
 
یہ واردات کیسے ہوئی؟
 
پولیس کے مطابق، ملزم ثنا یوسف کی جانب سے کیے انکار کو برداشت نہ کر سکا اور رفتہ رفتہ اس کے اندر شدید غصہ اور انتقام کی آگ بھڑک اٹھی۔
 
واقعے کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران اسلام آباد کے آئی جی سید علی ناصر رضوی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا:ملزم عمر حیات مقتولہ ثنا یوسف کے گھر پہنچ گیا تھا اور وہاں کئی گھنٹوں تک گھات لگا کر بیٹھا رہا۔ وہ تقریباً سات سے آٹھ گھنٹے تک ثنا کے گھر کے آس پاس موجود رہا۔ جب اس دن بھی ثنا نے اس سے ملنے سے صاف انکار کر دیا، تو اس نے قتل کا خوفناک منصوبہ بنایا اور انکا قتل کر دیا۔
 
گھر میں گھس کر ماری گولی:
 
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، ملزم موقع پا کر گھر کے اندر داخل ہوا اور ثنا یوسف پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس میں ثنا کو دو گولیاں لگیں اور ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ملزم فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے تفتش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسے قلیل وقت میں گرفتار کر لیا۔