• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • اقوام متحدہ کا ہنگامی انتباہ، غزہ میں بچوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک

اقوام متحدہ کا ہنگامی انتباہ، غزہ میں بچوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jun 25, 2026 IST

اقوام متحدہ کا ہنگامی انتباہ، غزہ میں بچوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک
ہندوستان میں فلسطینی ریاست کے سفارت خانے نے اقوام متحدہ کی ایک اہم تحقیقاتی رپورٹ جاری ہونے کے بعد عالمی برادری سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ رپورٹ میں غزہ میں جاری تنازع کے دوران فلسطینی بچوں پر پڑنے والے تباہ کن اثرات کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔
 
فلسطینی سفارتی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 23 جون کو United Nations Independent International Commission of Inquiry کی 94 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظر عام پر آئی، جس میں اکتوبر 2023 سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں ہونے والی فوجی کارروائیوں کے انسانی نتائج کا جائزہ لیا گیا ہے۔
 
بیان کے مطابق رپورٹ بچوں پر تنازعات کے اثرات کے حوالے سے اب تک کی جامع ترین تحقیقات میں شمار ہوتی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی بچوں کی ایک پوری نسل موت، شدید زخمی ہونے، بے گھری اور نفسیاتی صدمے جیسے سنگین حالات کا سامنا کر رہی ہے۔
 
فلسطینی سفارت خانے نے رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 20 ہزار سے زائد فلسطینی بچے ہلاک جبکہ 44 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فلسطینیوں میں تقریباً ایک تہائی بچے شامل ہیں، جبکہ ہزاروں بچے لاپتہ ہیں یا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
 
رپورٹ میں بچوں کو پیش آنے والی شدید جسمانی اور ذہنی مشکلات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جن میں اعضا کا کٹ جانا، بینائی یا سماعت سے محرومی، دماغی چوٹیں، مسلسل بے گھر ہونا، خاندان کے افراد کی ہلاکت اور تعلیم کا متاثر ہونا شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کے مطابق غزہ میں بچوں کے اعضا کٹنے کے واقعات دنیا میں سب سے زیادہ ہو چکی ہیں۔
 
تحقیق میں ہسپتالوں، اسکولوں، یتیم خانوں اور دیگر شہری بنیادی ڈھانچے کی تباہی کو انسانی بحران کی شدت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صحت کے نظام کو پہنچنے والے نقصانات نے بچوں، نوزائیدہوں اور حاملہ خواتین کی زندگیوں کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔
 
فلسطینی سفارت خانے نے عالمی حکومتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینی شہریوں، خصوصاً بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ بیان میں احتساب، شہریوں پر حملوں کے خاتمے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
 
سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ "کوئی بھی بچہ جنگ کے سائے میں پیدا ہونے، محاصرے میں زندگی گزارنے یا ملبے کے نیچے جان دینے کا مستحق نہیں۔ فلسطین کے بچوں کو بھی دنیا کے دیگر بچوں کی طرح تحفظ، عزت اور محفوظ مستقبل کا حق حاصل ہے۔"
 
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے واقعات اور اس کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی جنگ نے خطے میں ایک بڑے انسانی بحران کو جنم دیا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے بعد شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی جوابدہی کے حوالے سے بحث مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔