• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • بہار: پٹنہ میں ٹیچر امیدواروں کے احتجاج کے دوران پولیس نے کیا لاٹھی چارج، کئی طلبہ کے زخمی ہونے کی خبر

بہار: پٹنہ میں ٹیچر امیدواروں کے احتجاج کے دوران پولیس نے کیا لاٹھی چارج، کئی طلبہ کے زخمی ہونے کی خبر

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 07, 2025 IST     

image
پٹنہ میں ٹیچر امیدواروں کے احتجاج کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ جب طلباء پٹنہ کے جے پی گولمبر سے آگے بڑھ رہے تھے تو پٹنہ پولیس کے کچھ اہلکاروں نے طلباء پر لاٹھی چارج کیا۔ طلبہ کا الزام ہے کہ پولیس نے بغیر کسی سے پوچھے لاٹھی چارج کیوں کیا۔

جے پی گولمبر کے قریب امیدواروں کو روکا گیا:

لاٹھی چارج سے کئی طلباء زخمی ہوئے ہیں۔ کئی طلبہ کے سروں سے خون بہہ رہا ہے۔ طلباء پٹنہ کے ڈاک بنگلہ چوک کی طرف بڑھ رہیں تھے۔ پٹنہ میں جے پی گولمبر کے قریب سینکڑوں احتجاجی امیدواروں کو بیریکیڈ لگا کر روک دیا گیا۔ طلباء آگے بڑھنا چاہتے تھے لیکن انتظامیہ نے انہیں جانے نہیں دیا۔
 
لاٹھی چارج کے بعد بھی امیدوار ڈاک بنگلہ چوک پر جمع ہیں۔ پولیس نے بیریکیڈ لگا کر انہیں روک دیا ہے اور واٹر کینن گاڑی بھی منگوائی گئی ہے۔ احتجاج کرنے والے مرد اور خواتین امیدوار بیریکیڈ پر چڑھ کر پوسٹر لہرا رہے ہیں اور نعرے لگا رہے ہیں۔
 
اس سے قبل طلباء کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ طلباء نے پٹنہ یونیورسٹی سے احتجاج شروع کیا تھا۔ وہ کارگل چوک سے آگے بڑھے۔ اس دوران انہیں جے پی گولمبھر کے قریب روکا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس احتجاج میں 5000 سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا ہے۔

امیدواروں کا حکومت سے کیا مطالبہ؟

پٹنہ کی سڑکوں پر نکلنے والے طلباء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ TRE-4 سے پہلے STET کا اہتمام کیا جائے۔ احتجاج کرنے والے امیدواروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایس ٹی ای ٹی کا انعقاد نہیں کیا گیا، جب کہ کہا گیا تھا کہ ہر سال دو بار ایس ٹی ای ٹی کا امتحان لیا جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہو رہا۔ STET کا انعقاد نہ ہونے سے تین لاکھ سے زائد امیدوار متاثر ہوں گے۔