Tuesday, February 03, 2026 | 15, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • بچوں میں پیشاب کےمسائل: بروقت تشخیص کیوں ضروری ہے؟

بچوں میں پیشاب کےمسائل: بروقت تشخیص کیوں ضروری ہے؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Feb 02, 2026 IST

بچوں میں پیشاب کےمسائل: بروقت تشخیص کیوں ضروری ہے؟
بچوں کی صحت والدین کے لیے سب سے بڑی ترجیح ہوتی ہے، مگر بعض اوقات لاعلمی یا معمولی سمجھ کر نظر انداز کی جانے والی بیماریاں آگے چل کر سنگین مسائل کا سبب بن سکتی ہیں۔ اسی حوالے سے منصف ٹی وی کے معروف پروگرام “ہیلتھ اور ہم” میں بچوں کی یورولوجیکل ( پیشاب کے مسائل)بیماریوں پر ڈاکٹر  نبیل  عالم قادری  نے تفصیلی گفتگو کی گئی۔پروگرام ہیلتھ اور ہم محض ایک ٹی وی شو نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد عام لوگوں کو صحت سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا اور معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا ہے، تاکہ والدین بروقت درست فیصلہ کر سکیں۔

پیڈیاٹرک یورولوجسٹ کا کردار

اس پروگرام میں رینبو چلڈرنز ہاسپٹل، بنجارہ ہلز، حیدرآباد کے کنسلٹنٹ پیڈیاٹرک سرجن و یورولوجسٹ ڈاکٹر نبیل عالم قادری نے شرکت کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پیڈیاٹرک یورولوجسٹ وہ ماہر ہوتا ہے جو بچوں کے پیشاب کے نظام اور گردوں سے متعلق بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں خصوصی تربیت رکھتا ہے۔

عام یورولوجیکل مسائل

ڈاکٹر نبیل کے مطابق بچوں میں پیشاب کی نالی کا انفیکشن، بار بار بستر گیلا کرنا (Bedwetting)، پیشاب میں جلن، بدبو یا درد اور پیدائشی طور پر گردوں میں سوجن جیسے مسائل عام ہیں۔ اگر ان علامات کو بروقت پہچان کر علاج نہ کیا جائے تو گردوں کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔

قبل از پیدائش تشخیص کی اہمیت

انہوں نے بتایا کہ آج کل اینٹینٹل اسکین کے ذریعے بچے کے پیٹ میں ہی گردوں کی سوجن کی تشخیص ہو جاتی ہے۔ تاہم زیادہ تر کیسز میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ 70 سے 80 فیصد بچوں میں یہ مسئلہ خودبخود ٹھیک ہو جاتا ہے اور صرف چند کیسز میں سرجری کی ضرورت پڑتی ہے۔

جدید اور محفوظ علاج

ڈاکٹر نبیل نے یقین دلایا کہ آج کل بچوں کی سرجریز جدید لیپروسکوپک طریقوں سے کی جاتی ہیں، جن میں درد کم، زخم چھوٹے اور ریکوری تیز ہوتی ہے۔ تربیت یافتہ پیڈیاٹرک اینستھیٹسٹ کی موجودگی کی وجہ سے اینستھیزیا بھی مکمل طور پر محفوظ ہے۔

والدین کے لیے اہم پیغام

ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا کہ اگر بچے میں بار بار پیشاب کا انفیکشن، بستر گیلا کرنے کی عادت یا پیشاب میں جلن جیسی علامات نظر آئیں تو فوراً پیڈیاٹرک یورولوجسٹ سے رجوع کریں۔ غیر سائنسی گھریلو یا جڑی بوٹیوں کے علاج سے پرہیز کریں۔

 یورولوجیکل بیماریاں قابلِ علاج

بچوں کی یورولوجیکل بیماریاں قابلِ علاج ہیں، بشرطیکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج کیا جائے۔ درست معلومات، ماہر ڈاکٹر سے مشورہ اور والدین کی بروقت توجہ بچوں کے روشن اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔ اس   پروگرام کی  مکمل ویڈیو، آپ   یہاں دیکھ سکتے ہیں۔