Saturday, May 30, 2026 | 12 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • سعادت حج کے بعد حجاج کی مکہ مکرمہ سے روانگی

سعادت حج کے بعد حجاج کی مکہ مکرمہ سے روانگی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 30, 2026 IST

سعادت حج کے بعد حجاج کی مکہ مکرمہ سے روانگی
سعودی عرب نے رواں سال کے حج سیزن کی کامیابی سے تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی، تنظیم اور خدمات کے مربوط نظام نےعازمین حج کو آسانی اور ذہنی سکون کے ساتھ اپنے مناسک ادا کرنے کے قابل بنایا۔یہ اعلان مکہ مکرمہ کے نائب گورنر اور مستقل کمیٹی برائے حج و عمرہ کے نائب چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے سالانہ حج کی تکمیل کے موقع پر ایک ٹیلیویژن بیان میں کیا۔

حج سیزن2026 کی تکمیل:نئی ذمہ داریوں کا آغاز 

شہزادہ سعود نے کہا کہ 2026/1447 ہجری کے حج سیزن میں "سیکیورٹی، تنظیم اور خدمات کا ایک مربوط نظام" دیکھنے میں آیا جس نے حجاج کرام کو آسانی اور محفوظ طریقے سے اپنی رسومات ادا کرنے کی اجازت دی۔سعود نے اس بات پر زور دیا کہ حج کی کامیابی کام کا اختتام نہیں بلکہ نئی ذمہ داریوں کا آغاز ہے، جو ہر سال اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں اپنے کردار کو برقرار رکھنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔

 الوداعی طواف کےبعد وطن واپسی 

اس سال دنیا کے عظیم ترین مذہبی اجتماع میں 165 ممالک کے 17 لاکھ سے زیادہ حجاج نے شرکت کی۔جمعہ کے روز حج کے تیسرے دن حجاج مکہ کے جنوب مشرق میں وادی منی میں رمی جمرات مکمل کی۔ جس میں وہ شیطان کے علامتی ستونوں پر کنکریاں مارے۔لاکھوں  مسلمانوں نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ سے واپسی کا سفر شروع کر دیا ہے۔اس کے بعد وہ بسوں میں سوار ہو کر الوداعی "طواف" کرنے کے لیے مکہ کی مسجد الحرام  روانہ ہوئے ۔ الوداعی طواف کےبعد   اللہ کےمہمان  اب اپنے وطن واپسی شروع کر دی  ہے۔

17 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے ادا کیا فریضہ حج 

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے اسٹیٹسٹکس (محکمہ شماریات) نے اعلان کیا ہے کہ حج سنہ 1447ھ کے سیزن کے لیے حجاج کرام کی  جملہ  تعداد 1,707,301 رہی ہے، جن میں مختلف سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے سعودی عرب سے باہر سے آنے والے 1,546,655 حجاج کرام شامل ہیں۔
اسی تناظر میں، سعودی محکمہ شماریات کے ڈیٹا کے مطابق سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں پر مشتمل داخلی حجاج کی تعداد 16لاکھ ,646 رہی۔محکمے نے اپنے شماریاتی نتائج میں واضح کیا ہے کہ اندرون اور بیرون ملک کے مجموعی حجاج میں سے مرد حجاج کی تعداد آٹھ لاکھ، 93 ہزار396 تھی، جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 813,905 رہی۔

فضائی راستہ سےحجاج کی آمدزیادہ 

محکمہ شماریات نے بتایا کہ مملکت  کے  باہر سے آنے والے بیشتر حجاج کرام فضائی گزرگاہوں کے ذریعے پہنچے، جن کی کل تعداد 1,485,729 رہی، جبکہ 54,429 حجاج زمینی راستوں سے اور 6,497 حجاج بحری گزرگاہوں کے ذریعے پہنچے۔واضح رہے کہ عمومی مقتدرہ برائے شماریات مملکتِ سعودی عرب میں شماریاتی ڈیٹا اور معلومات کے لیے واحد اور سرکاری حوالہ ہے، جو منظور شدہ طریقہ کار اور معیارات کے مطابق قومی اشاریے اور اعداد و شمار جاری کرنے کی ذمہ دار ہے۔

نیا غلافِ کعبہ کلید بردار کے حوالے

 اسی دوران خانۂ کعبہ کے نئے غلاف کی حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خادم الحرمین الشریفین کی نیابت میں نیا غلافِ کعبہ کلید بردارِ کعبہ کے حوالے کر دیا گیا۔تقریب کے دوران غلافِ کعبہ کی تیاری اور اس کی تبدیلی سے متعلق انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی نیا غلاف یکم محرم الحرام کو خانۂ کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔یاد رہے کہ غلافِ کعبہ خصوصی سیاہ ریشم سے تیار کیا جاتا ہے جس پر سونے اور چاندی کے دھاگوں سے قرآنی آیات اور اسلامی نقوش کشیدہ کیے جاتے ہیں، جبکہ ہر سال محرم الحرام کے آغاز پر اسے تبدیل کیا جاتا ہے۔