• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بانکی پور: پرشانت کشور کا سرکاری رہائش گاہ کو عوام کے لیے وقف کرنے کا بڑا اعلان

بانکی پور: پرشانت کشور کا سرکاری رہائش گاہ کو عوام کے لیے وقف کرنے کا بڑا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 13, 2026 IST

 بانکی پور: پرشانت کشور کا سرکاری رہائش گاہ کو عوام کے لیے وقف کرنے کا بڑا اعلان
بہارکی سیاست میں ایک تاریخی سیاسی الٹ پھیرکے بعد جن سوراج پارٹی کے بانی اور بانکی پور اسمبلی سیٹ سے نو منتخب ایم ایل اے پرشانت کشور نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ پرشانت کشور نے کہا ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے الاٹ کی گئی سرکاری رہائش گاہ کو ذاتی استعمال کے بجائے مکمل طور پر عوام کی خدمت کے لیے ایک کھلے دفتر میں تبدیل کریں گے۔
 
قابل ذکر ہے کہ بانکی پور (پٹنہ) اسمبلی سیٹ کو بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر قلعہ سمجھا جاتا تھا، جہاں 1995 سے 2026 تک مسلسل 31 سالوں تک بی جے پی کا قبضہ رہا۔ تاہم، جولائی 2026 کے ضمنی انتخاب میں جن سوراج پارٹی نے ایک شاندار فتح حاصل کرتے ہوئے اس دہائیوں پرانی سیٹ کو بی جے پی سے چھین لیا۔
 
VIP ایم ایل اے ہاؤسنگ میں بنے گا 'عوامی دفتر'
 
فتح کے بعد پرشانت کشور نے واضح کیا کہ پٹنہ کے VIP ایم ایل اے ہاؤسنگ کمپلیکس میں انہیں الاٹ کی گئی دو منزلہ ڈوپلیکس رہائش گاہ (اسپیکر ہاؤسنگ نمبر 182) کو بنکی پور کی عوام کے لیے ایک عوامی دفتر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ یہ سرکاری رہائش گاہ بی جے پی کے سینئر رہنما اور کابینہ وزیر رام کرپال یادو کے گھر کے بالکل قریب واقع ہے۔
 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرشانت کشور نے کہا:
 
"یہ رہائش گاہ ایک ایسی جگہ ہونی چاہیے جہاں لوگ اپنے منتخب نمائندے سے براہ راست ملاقات کر کے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پر تبادلہ خیال کر سکیں۔ یہ دفتر عوام کے لیے دن رات کھلا رہے گا تاکہ عام شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک در سے دوسرے در کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔"
 
10,000 نوجوانوں کے لیے روزگار کا منصوبہ
 
بانکی پور کے لیے پرشانت کشور کے ترقیاتی ایجنڈے کا سب سے اہم پہلو مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہم ہے۔ انہوں نے اپنے حلقے کے 10,000 تعلیم یافتہ نوجوانوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمتیں دلوانے کا ایک ہدف مقرر کیا ہے۔
 
اسی الاٹ شدہ رہائش گاہ نمبر 182 پر ایک خاص اور جدید سسٹم قائم کیا جا رہا ہے، جہاں علاقے کے بے روزگار نوجوان اپنے ریزیومے (Resume) جمع کرا سکیں گے۔ اس کام کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو امیدواروں کی قابلیت اور پروفائل کی بنیاد پر انہیں نجی شعبے میں مناسب ملازمتوں سے جوڑنے کا کام کرے گی۔
 
ایک سیاسی وژن کی تعبیر
 
حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سرکاری رہائش گاہ کو ذاتی سہولت اور آرام گاہ کے طور پر استعمال کرنے کے بجائے عوامی فلاح کے لیے کھولنے کے اس فیصلے کی سیاسی اور عوامی حلقوں میں شدید بحث اور پذیرائی ہو رہی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پرشانت کشور اس اقدام کے ذریعے اپنے بنیادی سیاسی وژن "عوام اور نمائندے کے درمیان بلاواسطہ رابطہ" کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو آنے والے وقت میں ریاست کی سیاست میں ایک نیا معیار قائم کر سکتا ہے۔