ملک بھرمیں یوم آزادی کے موقع پر جشن آزادی کی تیاریوں میں جوش وخروش دیکھا جار ہا ہے۔ ملک بھر میں 79ویں یوم آزادی کی تقریبات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ فل ڈرس ریہر سل بھی کیا جا رہا ہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اس موقع پر جمعرات (14 اگست) کو قوم سے خطاب کریں گی۔
صدر جمہوریہ کا قوم سےخطاب
سرکاری ذرائع نے ایک بیان میں کہا کہ یہ خطاب آل انڈیا ریڈیو اور دوردرشن کے قومی نیٹ ورکس پر شام 7 بجے ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔خطاب پہلے ہندی اور پھر انگریزی میں ہوگا۔ بعد میں، دوردرشن اپنے علاقائی چینلز پر مقامی زبانوں میں تقریر کو ٹیلی کاسٹ کرے گا۔ آل انڈیا ریڈیو ترجمہ شدہ تقاریر اپنے علاقائی نیٹ ورکس پر رات 9:30 بجے ٹیلی کاسٹ کرے گا۔
لال قلعہ سے وزیراعظم کا خطاب
یوم آزادی کےموقع پر جمعہ (15 اگست) کی صبح، وزیر اعظم نریندر مودی روایتی طور پر تاریخی لال قلعہ سے قوم سے خطاب کریں گے۔ یوم آزادی ہر سال 15 اگست کو 1947 میں برطانوی راج سے آزادی کے تاریخی لمحے کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ اس موقع پر مجاہدین آزادی کو یاد کرنے کے لیے ملک بھر میں پرچم کی سلامی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔
دہلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات
یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر قومی راجدھانی دہلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انڈیا گیٹ، منڈی ہاؤس اور متھرا روڈ جیسے اہم علاقوں پر ٹریفک پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ حکام نے بغیر پارکنگ لیبل والی گاڑیوں کو ان راستوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
صبح 4 بجے سے خصوصی میٹرو خدمات
دوسری جانب دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (DMRC) نے تقریبات میں شریک لوگوں اور مہمانوں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ ڈی ایم آر سی نے اعلان کیا ہے کہ 15 اگست کو صبح 4 بجے سے تمام لائنوں پر میٹرو خدمات شروع ہو جائیں گی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ہر 30 منٹ پر ایک ٹرین صبح 4 بجے سے صبح 6 بجے تک چلے گی، جس کے بعد معمول کا شیڈول جاری رہے گا۔
جشن آزادی کی دھوم
تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، مسلح افواج، سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف)، ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) اور نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) بینڈ کی لائیو پرفارمنس کا اہتمام دہلی کے کئی نمایاں مقامات پر کیا گیا تاکہ لوگوں میں حب الوطنی کا جذبہ پیدا کیا جا سکے۔