Friday, June 06, 2025 | 10, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • وزیراعظم کا جموں کا دورہ:سیکوریٹی سخت،ادھم پور۔سرینگر۔بارہمولہ ریل لنک کو قوم کے نام کریں گےوقف

وزیراعظم کا جموں کا دورہ:سیکوریٹی سخت،ادھم پور۔سرینگر۔بارہمولہ ریل لنک کو قوم کے نام کریں گےوقف

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Jun 04, 2025 IST     

image
پہلگام دہشت گردانہ حملے اور آپریشن سندور کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی پہلی بار جموں کا دورہ کریں گے۔ وہ 6 جون کو کٹرا کا دورہ کریں گے اور ادھم پور۔سرینگر۔بارہمولہ ریل لنک کو قوم کے نام وقف کریں گے۔پی ایم کے دورے کے پیش نظر ریاست کے مختلف حصوں بشمول کٹرا۔ ریاسی۔ مہورے اور بانہال میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ کٹرا سے بانہال تک ریلوے لائن پر سیکورٹی کے ناقابل تسخیر انتظامات ہیں۔اینٹی ڈرون سسٹم اور شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
 
سیکیورٹی  کے سخت انتظامات:
چناب پل اور اس کے اطراف کے علاقوں اور گھنے جنگلات میں بھی سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کی گشت بڑھانے کے ساتھ ساتھ ڈرون اور سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ ایس پی جی نے پنڈال کو گھیرے میں لے لیا ہے۔اس کے علاوہ ہر مشکوک سرگرمی پر نظر رکھی جارہی ہے۔ چناب، انجی سیکشن سمیت پورے ٹریک کی ڈرون کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔ پولیس سرپرائز سرچ آپریشن بھی کر رہی ہے۔ ایل او سی سے آئی بی تک سکیورٹی سخت کر دی گئی ہےاس کے علاوہ لکھن پور تا سری نگر ہائی وے پر سیکورٹی سخت ہے۔
 
 کشمیر سے آنے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس کے ڈائرکٹر جنرل نلین پربھات نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کیے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس کی ٹیمیں کٹرا کے ہوٹلوں میں بھی اچانک معائنہ کر رہی ہیں۔ ہوٹل آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر تصدیق اور شناختی کارڈ کے کسی کو کمرے نہ دیں اور ہوٹلوں میں ٹھہرنے والے افراد کا مناسب ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ 
 
وزیر اعظم سے متعلق ،راہل گاندھی کے تبصرہ پر بی جے پی کی تنقید:
 
وزیر اعظم نریندر مودی اور آپریشن سندورپر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے تبصرہ کے بعد بی جے پی نے سخت جواب دیاہے۔ بی جے پی کے ترجمان سمبیت پاترا نے کہا کہ راہول گاندھی کی زبان اور سوالات سے لگتا ہے کہ وہ چین یا پاکستان کے تنخواہ دار ایجنٹ ہیں۔ راہول گاندھی نے مدھیہ پردیش میں پارٹی کانفرنس کے دوران کہا کہ ہند۔پاک فوجی تنازعہ کے دوران وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فون کال کے بعد ہتھیار ڈال دیے۔سمبت پاترا نے کہا کہ راہول گاندھی نے آپریشن سندور۔ ہماری فوج اور ملک کی توہین کی ہے۔ کوئی مہذب لیڈر اپنے ملک کیلئے ہتھیار ڈالنے جیسے الفاظ استعمال نہیں کرتا۔ پاترا نے دعویٰ کیا کہ آپریشن سندور کے تحت ہندوستان نے پلوامہ حملے کا بدلہ لیا جس میں پاکستان میں دہشت گردوں کے 11 ایئربیس کو تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کبھی ہتھیار نہیں ڈالتا۔