Saturday, September 13, 2025 | 21, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • وزیراعظم کا منی پور دورہ،میزورم سے ہوگا آغاز،راہول گاندھی کی تنقید،ملک میں اس وقت ووٹ چوری سب سے بڑا مسئلہ

وزیراعظم کا منی پور دورہ،میزورم سے ہوگا آغاز،راہول گاندھی کی تنقید،ملک میں اس وقت ووٹ چوری سب سے بڑا مسئلہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Sep 13, 2025 IST     

image
وزیر اعظم نریندر مودی آج منی پور کا دورہ کریں گے۔ مرکزی حکومت، جس نے شمال مشرقی ریاستوں میں بنیادی ڈھانچے کی تخلیق اور ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز کی ہے، پہلے ہی کئی پروجیکٹ شروع کر چکی ہے۔ وزیر اعظم جو 13 سے 15 تاریخ تک منی پور، میزورم، آسام، بنگال اور بہار کا دورہ کریں گے، منی پور کے چورا چند پور میں تقریباً 7,300 کروڑ روپے کے کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کریں گے۔ ان فنڈز میں سے 3,600 کروڑ روپے منی پور اربن روڈز، ڈرینیج اور اثاثہ جات کے انتظام کے پروجیکٹ پر خرچ کیے جائیں گے جبکہ 2500 کروڑ روپے کی لاگت سے پانچ قومی شاہراہیں تعمیر کی جائیں گی۔
 
 منی پور انفوٹیک ڈیولپمنٹ پروجیکٹ اور 9 مقامات پر ورکنگ ویمن ہاسٹل کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعظم امپھال میں تقریباً 1200 کروڑ روپے کی لاگت سے کئی ترقیاتی کاموں کا بھی آغاز کریں گے۔وزیراعظم کا یہ دورہ میزورم سے شروع ہوگا جہاں سے وہ منی پور جائیں گے۔ 2023 میں نسلی تشدد پھوٹنے کے بعد پی ایم مودی کا منی پور کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیر اعظم کے منی پور کے دورے کی تیاریاں کئی دنوں سے چل رہی ہیں۔ اس موقع  پر وزیراعظم جلسہ سے بھی خطاب کریں گے۔ 
 
ادھر دوسری جانب کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ منی پور طویل عرصے سے مشکلات میں گھرا ہوا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کا اس ریاست کا دورہ اب کوئی بڑی بات نہیں ہے کیونکہ فی الحال ووٹ چوری ملک کا اہم مسئلہ ہے۔راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ہر جگہ لوگ پی ایم کو مخاطب کرنے کیلئے ووٹ چور کے نعرے لگا رہے ہیں۔ انہوں نے گجرات کے پارٹی ضلعی صدور سے کہا ہے کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں۔ آپ لوگوں نے ایسا کام کرنا ہے جو مثال بن جائے۔ راہول نے پارٹی لیڈروں سے بھی اپیل کی کہ وہ اعتماد کو نہ توڑیں۔
 
 راہول گاندھی نے کہاکہ آج ملک میں سب سے بڑا مسئلہ ووٹ چوری کا ہے وزیراعظم کے دورہ منی پور کا نہیں ۔ اس موقع پر کانگریس لیڈر نے کہاکہ وزیراعظم کو بہت پہلے منی پور جانا چاہئے تھا لیکن انہوں نے اس میں کافی دیر کردی ہے اس لئے اب ان کے دورہ منی پور کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہریانہ اور مہاراشٹرا کے انتخابات چوری ہوئی ہے۔ ہم نے حال ہی میں کرناٹک میں یہ ثابت کیا ہے۔ اس لیے اصل مسئلہ ووٹ چوری کا ہے اور  ہر طرف لوگ ووٹ چور گدی چھوڑ  کا نعرہ لگا رہے ہیں۔