رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل 2025 کا ٹائٹل جیت لیا۔ کل رات احمدآباد میں کھیلے گئے فائنل مقابلہ میں آر سی بی نے پنجاب کنگز کو سنسنی خیز مقابلہ میں 6 رن سے شکست دیکر آئی پی ایل کی 18 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خطاب جیت لیا۔ پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے آر سی بی نے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کے 43 اور کپتان رجت پاٹیدار کے 26 رن کی مدد سے 190 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مینک اگروال 24۔ لیونگسٹون 25 اور روماریو شیفرڈ نے 17 رن اسکور کئے۔ پنجاب کیلئے ارشدیپ سنگھ اور کائیل جمیسن نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ 191 رنوں کا پیچھا کرنے والی پنجاب کنگز کا آغاز اچھا رہا تاہم پریانش آریہ کے آوٹ ہوتے ہی پنجاب کی امیدیں دم توڑگئیں۔ پریانش نے 24 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں پربھسمرن سنگھ 26۔ جوش انگلس 39 رن بنائے جبکہ ششانک سنگھ نے آخری تک جدوجہد کی اور 30 گیندوں میں تین چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 61 رن بنائے اور ناٹ آوٹ رہے تاہم وہ ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔
آر سی بی کیلئے کرونال پانڈیا اور جوش ہیزلووڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ کرونال پانڈیا کو پلیئر آف دی میاچ جبکہ ممبئی انڈینس کے سوریا کمار یادو کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیاگیا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل فائنل کے آغاز سے قبل ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں آپریشن سندور کی کامیابی کا جشن منایاگیا ۔ اس دوران ہندوستانی فوج کی بہادری کو سلام پیش کیاگیا۔ گلوکار شنکر مہادیون نے اپنی شاندار پرفارمنس سے دھوم مچادی۔
191 رنز کے تعاقب میں پنجاب کنگز نے پہلی وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے لیکن پربھسمرن سنگھ اور پریانش آریہ کی شروعات سست تھی۔ پریانش نے 19 گیندوں میں 24 رنز بنائے، پربھسمرن نے 22 گیندیں کھیل کر 26 رنز بنائے۔ اس سیزن میں پنجاب کنگز کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان شریاس آئیر فائنل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔ وہ 2 گیندوں پر 1 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، انہیں روماریو شیفرڈ نے اپنا شکار بنایا۔ جب وہ آئے تو پنجاب اچھی پوزیشن میں تھا لیکن ان کی وکٹ کے بعد کھیل پلٹ گیا۔