Wednesday, May 13, 2026 | 25 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • آر ایس ایس لیڈر نے پاکستان کےساتھ مذاکرات کی وکالت کی، محبوبہ مفتی نے کیا خیرمقدم

آر ایس ایس لیڈر نے پاکستان کےساتھ مذاکرات کی وکالت کی، محبوبہ مفتی نے کیا خیرمقدم

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: May 13, 2026 IST

آر ایس ایس لیڈر نے پاکستان کےساتھ مذاکرات کی  وکالت کی، محبوبہ مفتی نے کیا خیرمقدم
جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی کی چیف محبوبہ مفتی نے کہا کہ اگر آر ایس ایس پاکستان کے ساتھ بات چیت کی حمایت کر رہا ہے تو یہ مثبت قدم ہے اور مذاکرات کشمیر کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔واضح رہےکہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے جنرل سیکریٹری دتا تیرے ہوسابلے نے بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات (بات چیت) کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ 

پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے نمٹیں، لیکن بات چیت کی کھڑکی کھلی رکھیں: آرایس ایس لیڈر 

 آر ایس ایس لیڈر نے زور دیا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہنا چاہیے۔ انھوں نے ایک انٹر ویو کےدوران   کہاکہ  ہندوستان کو سرحد پار دہشت گردانہ حملوں کی پشت پناہی کرنے کے پاکستان کے عمل کا سختی سے جواب دینا چاہیے، ساتھ ہی بات چیت کے دروازے بھی کھلے رکھنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان کو "پِن پرک" (تکلیف دہ) قرار دیا لیکن ساتھ ہی کہا کہ مذاکرات بند نہیں کرنے چاہئیں۔ ہوسابلے نے کہا کہ اگر پاکستان پلواامہ جیسے واقعات کرنے کی کوشش کرے گا، تو ہندوستان کو مناسب جواب دینا ہوگا، لیکن اس کے باوجود سفارتی بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔آر ایس ایس رہنما نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر رابطوں (People-to-people contact) کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے دور کی مثال دی، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف موقف کے ساتھ ساتھ سفارت کاری جاری رکھی۔ 

 محبوبہ مفتی کا دعویٰ: تین ماہ سے خفیہ بات چیت 

جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آر ایس ایس رہنما کے اس بیان کا خیر مقدم کیا اور دعویٰ کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان گزشتہ تین ماہ سے خفیہ بات چیت جاری ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ  "یہ لوگ آپریشن سندور کی بات کرتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ گزشتہ تین ماہ سے پاکستان کے ساتھ خاموشی سے پس پردہ خفیہ مذاکرات چل رہے ہیں؟ کیا آپ جانتے ہیں کہ ریٹائرڈ سفارتکار، ریٹائرڈ جنرل اور دیگر لوگ بیرون ملک جا کر پاکستانیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں؟”۔

 مسئلے کا کوئی حل بات چیت کے بغیر ممکن نہیں

 محبوبہ مفتی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر مسئلے کا کوئی حل بات چیت کے بغیر ممکن نہیں۔ پی ڈی پی سربراہ نے اپنے والد اور سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کی سیاسی سوچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا "بلیو پرنٹ" آج بھی جموں و کشمیر میں امن کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔ "میں آپ سب کو واضح طور پر بتانا چاہتی ہوں کہ مفتی صاحب کے روڈ میپ کے بغیر جموں و کشمیر مسئلے کا کوئی حل نہیں۔" بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "مفتی صاحب ہمیشہ کہتے تھے کہ بی جے پی کچھ بھی کر لے، آخرکار اسے مذاکرات کی میز پر آنا ہی پڑے گا

 این سی حکومت پر تنقید 

سابق وزیراعلیٰ  نے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شراب پر پابندی نافذ کرنے میں ناکام رہی ہے، حالانکہ ان کے پاس 50 ایم ایل ایز ہیں۔مفتی نے پاور پروجیکٹس کے حوالے سے بھی کہا کہ جو پلانٹس کشمیر کے لیے ریونیو فراہم کرتے تھے، وہ فروخت ہو چکے ہیں، اور اب شراب سے ریونیو کی بات کی جا رہی ہے۔