کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے، ایسے وقت میں وزیراعظم اٹلی میں ٹافیاں بانٹنے میں مصروف ہیں۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کے بعد سامنے آیا ہے جس میں وزیر اعظم مودی وزیراعظم جارجیا میلونی کو “میلوڈی” ٹافی تحفے میں دیتے نظر آ رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، “کسان، نوجوان، خواتین، مزدور اور چھوٹے تاجر سبھی پریشان ہیں، لیکن وزیراعظم مسکرا رہے ہیں اور خوشیاں منا رہے ہیں جبکہ بی جے پی کے رہنما تالیاں بجا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قیادت نہیں بلکہ صرف تھیٹر ہے۔
دراصل وزیر اعظم جارجیا میلونی نے ایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس میں وزیر اعظم مودی انہیں “میلوڈی” نامی ٹافی دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں میلونی کہتی ہیں، “وزیراعظم مودی نے مجھے ایک بہت اچھی ٹافی تحفے میں دی ہے۔” اس کے بعد دونوں رہنما ہنستے ہوئے “میلوڈی” کہتے ہیں اور قہقہے لگاتے ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
وزیراعظم مودی اور جارجیا میلونی نے روم میں عشائیہ ملاقات بھی کی، جس کے بعد دونوں ایک ہی گاڑی میں کولوزیم کے دورے کیلئے روانہ ہوئے۔ اس انداز کو “کار ڈپلومیسی” قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے عالمی رہنما دوطرفہ دوستی اور قریبی تعلقات کا پیغام دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ “میلوڈی” ہیش ٹیگ پہلی مرتبہ 2023 میں دبئی میں منعقدہ ماحولیاتی کانفرنس کے دوران سامنے آیا تھا، جب جارجیا میلونی نے مودی کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے “میلوڈی” کا لفظ استعمال کیا تھا۔ یہ لفظ مودی اور میلونی کے ناموں کو ملا کر بنایا گیا تھا، جو بعد میں سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا۔ وزیراعظم مودی اس وقت پانچ ممالک کے دورے پر ہیں۔ ان کے اس دورے میں متحدہ عرب امارات، نیدرلینڈ، سویڈن، ناروے اور اٹلی شامل ہیں۔