Tuesday, September 02, 2025 | 10, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • ایٹم بم کے بعد اب جلد ہی ہائیڈروجن بم آنے والا ہے۔ اس کےبعد مودی اپنا چہرہ نہیں دکھا پائیں گے: راہل گاندھی

ایٹم بم کے بعد اب جلد ہی ہائیڈروجن بم آنے والا ہے۔ اس کےبعد مودی اپنا چہرہ نہیں دکھا پائیں گے: راہل گاندھی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Sep 01, 2025 IST     

image
 لوک سبھا میں اپوزیشن  لیڈر، اور رائے بریلی کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ وہ ووٹ چوری کے حوالے سے پہلے ہی وہ  ایٹم بم پھوڑا چکے ہیں اور جلد ہی زیادہ طاقتور ہائیڈروجن بم  کا دھما کہ  کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ راہل  گاندھی نے یہ تبصرے پٹنہ میں 'ووٹر ادھیکار یاترا' کے اختتام کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں کہے۔
 
 
 کانگریس کےسابق صدر نے کہاکہ کرناٹک کے مہادیوپورا اسمبلی حلقہ کی مثال پیش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نے صاف دکھایا کہ ایک اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ سے زیادہ فرضی ووٹر تھے۔ بنگلورو سنٹرل میں 7 اسمبلی حلقے ہیں، جن میں سے 6 میں ہم جیتتے ہیں۔ جہاں ایک لاکھ فرضی ووٹ تھے، وہاں ہم صاف ہو جاتے ہیں۔ اسی اسمبلی حلقہ کے سبب بی جے پی کو فتح ملتی ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’الیکشن کمیشن سے ہم نے ووٹر لسٹ مانگی، لیکن انھوں نے نہیں دی۔ پھر ہم نے محنت کی اور ہمیں یہ انکشاف کرنے میں 4 مہینے لگے۔ سچائی سامنے آئی تو ہم نے ملک کے سامنے ثبوت پیش کر دیا۔
 
 کانگریس لیڈر نے کہاکہ "بی جے پی آئین کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم نے بی جے پی کو روکنے کے لیے یہ یاترا منعقد کی تھی۔ اسے لوگوں کی طرف سے شاندار ردعمل ملا۔ ہم نے ثبوت کے ساتھ دکھایا کہ مہاراشٹر اور کرناٹک میں ووٹ کی چوری ہوئی ہے۔ ووٹ چوری کا مطلب حقوق کی چوری، جمہوریت کی چوری، روزگار کی چوری ہے۔ ہم جلد ہی اس معاملے میں ہائیڈروجن بم پھٹائیں گے"۔
 
تاہم، 'ووٹر ادھیکار یاترا' کے اختتام کے موقع پر پٹنہ میں انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی طرف سے منعقد 'گاندھی سے امبیڈکر' مارچ کو پولیس نے درمیان میں ہی روک دیا۔ نتیجتاً وہاں قائدین نے تقریریں کیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم مودی پر الزام لگایا کہ وہ ووٹ چوری کے ذریعے بہار اسمبلی انتخابات جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے پیشین گوئی کی کہ این ڈی اے ڈبل انجن والی حکومت کو شکست ہوگی۔
 
 پٹنہ کے ڈاک بنگلہ میں لوگوں کی زبردست بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں این سی پی، کانگریس، شیوسینا سے انتخاب کی چوری کی گئی تھی۔ یہ بات 100 فیصد سچ ہے۔ ایک کروڑ نئے ووٹرس لوک سبھا انتخاب کے بعد ووٹر لسٹ میں جوڑے جاتے ہیں اور پھر نئے ووٹر آ کر ووٹ کرتے ہیں۔ ہمارے اتحاد کو جتنا لوک سبھا میں ووٹ ملا، اتنا ہی ووٹ اسمبلی انتخاب میں بھی ملا، لیکن نئے ووٹ بی جے پی کو گئے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’لوک سبھا میں ہم جیتے، لیکن اسمبلی میں ہم ہار گئے۔ ایسا اس لیے کیونکہ الیکشن کمیشن اور بی جے پی نے ووٹ چوری کی۔‘‘
 
بہار میں جلد ہی اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس تناظر میں راہل گاندھی نے 'ووٹر ادھیکار یاترا' نکالی ہے۔ 17 اگست کو ساسارام ​​سے شروع ہوئی یہ یاترا 25 اضلاع کے 110 اسمبلی حلقوں میں 1300 کلومیٹر تک جاری رہی۔ بہار میں ووٹر لسٹ کی 'خصوصی جامع نظر ثانی' کے عمل سے شروع کرتے ہوئے راہول گاندھی نے خواتین کے مسائل، کسانوں کے مسائل، بے روزگاری، مہنگائی اور صنعتی ترقی جیسے مسائل کو اٹھا کر مقامی لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی۔