• News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • ایشیا کپ ہاکی 2025: پاکستانی ٹیم بھارت آئے گی، حکومت نے دکھائی ہری جھنڈی

ایشیا کپ ہاکی 2025: پاکستانی ٹیم بھارت آئے گی، حکومت نے دکھائی ہری جھنڈی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 03, 2025 IST     

image
 ہاکی ایشیا کپ 2025 بھارت میں منعقد ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس میں بھارت کے علاوہ پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور چائنیز تائپے کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستانی ٹیم کی آمد کے حوالے سے مسئلہ پیدا ہوا تھا تاہم اب بھارتی وزارت کھیل نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی ہاکی ٹیم کو ایشیا کپ کھیلنے سے نہیں روکا جائے گا۔
 

وزارت کھیل کے عہدیدار کا بیان

وزارت کھیل کے ایک اہلکار نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کئی ممالک کی ٹیمیں ایک ساتھ کھیلتی ہیں، اس لیے ہم کسی بھی ملک کو ہندوستان آنے سے نہیں روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو ، رْخی (دو ممالک کے درمیان) میچز مختلف ہوتے ہیں تاہم ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت ضروری ہے۔ انہوں نے روس یوکرین کی مثال بھی دی کہ جنگ کے باوجود وہ ایسے ٹورنامنٹس میں شرکت کرتے ہیں۔

ہاکی ایشیا کپ 2025  بھارت ہے میزبان 

ایشیا کپ ہاکی 2025 27 اگست سے 7 ستمبر تک بہار کے راجگیر میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان میزبان ملک کے طور پر کوالیفائی کر چکا ہے۔ بھارتی ٹیم اب تک تین بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے، آخری فتح 2017 میں ملی تھی۔آخری بار 2022 کے ٹورنامنٹ میں بھارت تیسرے نمبر پر رہا تھا جب کہ پاکستان نے ایشیا کپ کا ٹائٹل تین بار اور جنوبی کوریا نے پانچ بار جیتا ہے۔ اس بار ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان دونوں ہی ٹیمیں کھیلیں گی جس سے ٹورنامنٹ مزید دلچسپ ہو جائے گا۔