کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور یادگار لمحہ اُس وقت رقم ہوا جب نوجوان بھارتی کپتان شبھمن گل نے اینڈرسن-ٹنڈولکر ٹرافی 2025 کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی شاندار بیٹنگ سے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ گل نے نہ صرف انگلینڈ میں بھارتی بلے باز کی سب سے بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اپنے عمدہ اسلوب، تحمل اور شاندار مہارت سے شائقینِ کرکٹ کے دل بھی جیت لیے۔
ہیڈنگلے میں 147 رنز بنانے کے بعد شبھمن گل نے اعتراف کیا تھا کہ وہ اسے بڑی اننگز میں تبدیل کرنے سے چوک گئے۔ لیکن برمنگھم میں وہ ایک واضح مشن کے ساتھ میدان میں اترے، اور انہوں نے اس بار موقع ضائع نہیں ہونے دیا۔ سازگار بیٹنگ کنڈیشنز میں گل نے نہایت شاندار اور پرکشش بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 387 گیندوں پر 269 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔30 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ اور ٹیم کا اسکور 587 تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔
سنہری تاریخ کی نئی سطر
جب شبھمن گل کا اسکور 221 رنز تک پہنچا تو انہوں نے سنہ 1979 میں دی اوول پر سنیل گواسکر کے 221 رنز کے تاریخی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا — جو گزشتہ 46 برس سے انگلینڈ میں کسی بھارتی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے راہول دراوڑ کے 217 (اوول، 2002)، سچن ٹنڈولکر کے 193 (ہیڈنگلے، 2002)، اور روی شاستری کے 187 (اوول، 1990) رنز کی یادگار اننگز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
گل کی اننگز خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے نہایت کم خطرے والے اسٹروکس کھیلتے ہوئے ہر گیند کو تحمل، خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ گپ میں کھیل کر رنز بٹورے۔ انگلش بولرز کو ایک بھی موقع دیے بغیر انہوں نے اپنی اننگز کو آہستہ آہستہ تاریخ ساز اسکور میں تبدیل کیا۔
میچ کی صورتحال
ایجبسٹن ٹیسٹ کے دوسرے دن چائے کے وقفے تک بھارت نے 141 اوورز میں 564/7 رنز بنا لیے تھے، جس میں شبھمن گل 265 رنز پر ناقابل شکست کھیل رہے تھے۔ بھارت کی اننگز کی بنیاد اسی شاندار بیٹنگ کے مرہون منت تھی، جس نے ٹیم کو میچ پر مکمل کنٹرول دے دیا۔انگلینڈ نے جواب میں 10 اوور میں 33 رن بناکر اپنے تین وکٹ کھو دئے۔
کرکٹ ماہرین اور شائقین نے کی ستائش
دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین اور سابق کھلاڑیوں نے شبھمن گل کی اس اننگز کو کرکٹ کی تاریخ کی بہترین ٹیسٹ اننگز میں سے ایک قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر شبھمن گل کا نام ٹرینڈ کرنے لگا، اور ویرات کوہلی، سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ اور دیگر سابق اسٹارز نے بھی اس یادگار کارکردگی پر ان کی زبردست ستائش کی ہے۔