• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • اننت ناگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ، ایس او جی کا ایک اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی ، سرچ آپریشن جاری

اننت ناگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ، ایس او جی کا ایک اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی ، سرچ آپریشن جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Jul 22, 2026 IST

اننت ناگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ، ایس او جی کا ایک اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی ، سرچ آپریشن جاری
 
جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، جس میں اسپیشل آپریشن گروپ (SOG) کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ بدھ کے روز اننت ناگ-کوکرناگ(Kokernag)روڈ پر پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایس او جی کے دو اہلکار سڑک پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے، اسی دوران دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں دونوں اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک تھی۔ اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن بعد میں اس نے گہرے زخموں کی وجہہ سے دم توڑ دیا۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت عاشق حسین کے طور پر ہوئی ہے، جو اسپیشل آپریشن گروپ میں تعینات تھا۔
 

علاقے میں سرچ آپریشن جاری

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔اننت ناگ-کوکرناگ روڈ کے آس پاس کے علاقے میں اضافی فورسز تعینات کی گئی ہیں، تاکہ حملہ آوروں کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے بارے میں تصدیق کی جا رہی ہیں۔ ابھی تک حملے کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
 

راجوری میں حادثے سے فوجی اہلکار کی موت

دوسری جانب جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ایک فوجی اہلکار کی حادثاتی موت ہو گئی۔حکام کے مطابق 27 سالہ رائفل مین سکھپریت سنگھ لائن آف کنٹرول (LoC) کے قریب سندربنی سیکٹر میں ڈیوٹی پر تعینات تھا۔ اس دوران وہ اونچائی سے پھسل کر گر گیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔
حکام نے بتایا کہ فوجی اہلکار کی لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا اور پولیس نے معاملے کی کاروائی شروع کر دی ہے۔ بعد میں لاش کو آخری رسومات کے لیے پنجاب میں اس کے آبائی علاقے لے جایا جائے گا۔