بھارتی بلے باز سرفراز خان نے جمعرات کو ایک دم بخود کر دینے والی اننگز کے ساتھ تاریخ رقم کی۔ وجے ہزارے ٹرافی میں پنجاب کےخلاف سرفراز خان نے لسٹ اے کرکٹ میں کسی بھارتی کرکٹر کی طرف سے تیز ترین نصف سنچری (ففٹی )اسکور کی۔ دھماکہ دار اور سنسنی خیزمیچ میں قسمت نے ممبئی کا ساتھ نہیں دیا۔ بد قسمتی سے ممبئی نے صرف ایک رن سے میچ ہارا۔
15 گیندوں میں نصف سنچری بناکر رقم کی تاریخ
ممبئی کے لیے کھیلتے ہوئے، سرفراز خان نے صرف 15 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کر کے اجیت شیٹھ کے پچھلے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اجیت شیٹھ نے بڑودہ کی نمائندگی کرتے ہوئے چھتیس گڑھ کے خلاف 16 گیندوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
سرفراز نے 5 سال پرانا ریکارڈ توڑدیا
سرفراز ایک اہم لمحے پر کریز پر آئے جب ممبئی نے نویں اوور میں ان کے بھائی مشیر خان کی وکٹ گنوائی۔ 28 سالہ نوجوان نے خود کو ایک بار پھر ثابت کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کیا، پنجاب کے بولر ابھیشیک شرما کو کریز پر اپنے پہلے اوور میں 30 رنز بنائے۔ انھوں نے اگلے اوور میں اپنا حملہ جاری رکھا، ہرپریت برار کو پانچ گیندوں پر 19 رنز بنا کر تباہی مچائی ۔ سرفراز خان نے صرف 15 گیندوں میں اپنی تاریخی نصف سنچری بنا کر پانچ سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
7چوے اور5چھکے:20 گیندوں میں بنائے62رنز
ممبئی کے ٹاپ اسکورر سرفراز بالآخر 15ویں اوور میں 20 گیندوں پر 62 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، جس میں سات چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ سرفراز کے علاوہ ممبئی کے کپتان شریاس ایر نے بھی قیمتی اننگز کھیلی، انہوں نے 34 گیندوں پر 45 رنز بنائے جس میں چار چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
سرفراز نے رواں سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنائے
سرفراز اس وقت وجے ہزارے ٹرافی میں ریڈ ہاٹ فارم میں ہیں اور اس سیزن میں ممبئی کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز نے چھ اننگز میں 75.75 کی اوسط اور 190.56 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 303 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 31 دسمبر کو گوا کے خلاف شاندار 157 رن بنائے اور اس کے بعد ٹورنامنٹ میں اتراکھنڈ کے خلاف نصف سنچری بنائی۔
سرفراز مشاق علی ٹرافی میں بھی چھائے رہے
سرفراز نے سید مشتاق علی ٹرافی میں بھی زبردست رن بنائے ہیں جہاں انہوں نے 203.08 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے ایک سنچری سمیت سات میچوں میں 329 رنز بنائے۔
ایک رن کی کمی سےممبئی کو ہوئی شکست
سرفراز اور کپتان ائیر کی کوششوں کے باوجود، ممبئی پنجاب کے 216 کے مجموعی اسکور سے صرف ایک رن کی کمی سے 26.2 اوورز میں 215 پر ڈھیر ہو گئی۔ گورنور برار پنجاب کے ہیرو کے طور پر ابھرے، انہوں نے ممبئی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کو ختم کرنے کے لیے چار وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم میں شمولیت کیلئےایک بار پھر دعویداری
سرفراز خان کے شاندار پرفامنس کے باوجود انڈین نیشنل ٹیم کے تینوں فارمٹ میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے اپنے بلے سے کئی بار قومی ٹیم میں شامل ہونے کی دعویداری پیش کی ہے۔ سرفراز کو ٹیم انڈیا میں شامل نہیں کرنے کا کرکٹ شائقین کو ملال ہے۔ سابق کرکٹر نے بی سی سی آئی اورسلیکشن کمیٹی کو اس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔