Friday, June 06, 2025 | 10, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • شیخ الجامعہ اورمسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عزت مآب وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی

شیخ الجامعہ اورمسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عزت مآب وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 28, 2025 IST     

image
پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے یونیورسٹی کی مختلف تعلیمی اور دیگر ترقیات کے متعلق عزت مآب وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان کوواقف کرانے کے لیے کل ملاقات کی۔دوران ملاقات شیخ الجامعہ اور مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈینٹسٹری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے آغاز سے یونیورسٹی نے جو اہم پیش رفت کی ہے اس کے متعلق عزت مآب وزیر کو بتایااور وزارت تعلیم کی فیاضانہ مالی مددکے لیے ان کا شکریہ اداکیا۔
 
 ڈینٹسٹری فیکلٹی کے استحکام کے تئیں ان کے عہد اور ان کی متواتر حوصلہ افزائی کے لیے انھوں نے جناب دھرمیندر پردھان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے جامعہ رہائشی کوچنگ کی شان دار کارکردگی کے متعلق بھی عزت مآب وزیر تعلیم کو بتایا۔اور بتایاکہ ہر سال جامعہ،آر سی اے میں تربیت یافتہ تیس سے زیادہ طلبہ موقر یوپی ایس سی سول سروسز امتحان میں بطور آئی اے ایس، آئی پی ایس،آڈت اینڈ اکاؤنٹس سروسز،انڈین فارسیٹ سروسز منتخب ہوتے ہیں اوراس طرح ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔
 
ملاقات کے دوران جامعہ کی مالی حالت بھی بات چیت کا ایک اہم نکتہ تھا۔شیخ الجامعہ اور مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اعلی تعلیم فینانسنگ ایجنسی(ایچ ای ایف اے)کے زیر اہتمام ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا خاکہ بھی پیش کیا اور ان پروجیکٹوں کی غیر اطمینان بخش رفتار سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
 
تعلیمی افق کو وسیع ترکرنے کے عہد کو اجاگر کرتے ہوئے جامعہ میں نئے شعبوں کے قیام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں عزت مآب وزیر کے ساتھ بات چیت میں اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
مزید برآں، جامعہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں ثمر آور بات چیت ہوئی جس کے لیے عزت مآب وزیر نے پورا تعاون دینے کی بات کہی اور تمام مطلوبہ مدد کی فراہمی کا یقین دلایا۔
 
یونیورسٹی میں آئندہ منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم اسناد کے سلسلے میں بات چیت کے ساتھ ملاقات اختتام پذیر ہوئی۔اس  یادگار پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیے جانے والے مندوبین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، شیخ الجامعہ اور مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس سلسلے میں جناب دھرمیندر پردھان سے ان کے تعاون اور مشوروں کی بھی درخواست کی۔ عزت مآب وزیر موصوف نے یونیورسٹی کی ترقی کو سراہا اور جامعہ کے موجودہ اور مستقبل کے اقدامات اورپہل کے لیے پروفیسرآصف اور پروفیسر رضوی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اور جامعہ کے فعال و سرگرم تعلیمی ماحول کو قریب سے دیکھنے کے لیے مستقبل قریب میں جامعہ کا دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔