اوڈیشہ کے کیونجھر ضلع سے ایک دل دہلا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے، یہاں ایک شخص جو اپنی مری ہوئی بہن کے کنکال کو قبر سے نکال کر بینک لے پہنچا۔یہ واقعہ ضلع کے پٹنہ پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں واقع مالپشی گاؤں میں پیش آیا۔ دیانالی گاؤں کا رہنے والا جیتو منڈا نامی شخص اپنی بہن کلارا منڈا کی باقیات مقامی دیہی بینک لایا اور بینک کے احاطے کے سامنے رکھ دیا۔
کیا ہے پورا معاملہ ؟
رپورٹس کے مطابق، کالرا کا 26 جنوری 2026 کو انتقال ہو گیا تھا۔ اس کے بعد اس کے بھائی جیتو منڈا نے اسے دیانالی گاؤں میں دفن کیا تھا۔ بہن کی موت کے بعد جیتو کو اس کے اکاؤنٹ سے 19,300 روپے نکالنے تھے، جس کے لیے وہ اوڈیشہ گرامین بینک کے چکر کاٹ رہا تھا۔
بینک ملازمین اس سے بہن کی موت کےسرٹیفکیٹ مانگ رہے تھے اور خاتون کی ذاتی موجودگی ضروری بتا رہے تھے۔
بار بار انکار سے مایوس ہو کر جیتو منڈا نے مبینہ طور پر اپنی بہن کی باقیات کو نکالا اور اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے انہیں بینک لے آیا۔ اس اقدام نے فوری طور پر مقامی لوگوں اور حکام کی توجہ مبذول کرائی۔
اطلاع ملتے ہی پٹنہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور فوری مداخلت کی۔ پولیس نے حالات کو قابو میں کیا اور بعد ازاں کنکال کو تدفین کے لیے دیانالی گاؤں پہنچایا۔ ابھی تک، اس واقعے کے بارے میں کسی بھی بینک حکام یا پولیس کی طرف سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس واقعے نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ علاقے کے لوگ بینک ملازمین کے رویہ پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
کالرا نے جانور بیچ کر کمائے تھے پیسے:
جیتو نے بتایا کہ ان کی بہن کا کوئی وارث نہیں تھا۔ بہن نے پیسے جانور بیچ کر کمائے تھے اور اکاؤنٹ میں رکھے تھے۔ کالرا نے جس کا نام وارث میں ڈلوایا تھا، اس کی بھی موت ہو چکی ہے۔ ایسے میں جیتو ہی ان کا واحد وارث ہیں۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ جیتو ان پڑھ آدیواسی ہے، اس لیے اسے وارث کی معلومات نہیں تھی۔ مقامی انتظامیہ نے متعلقہ بینک کو جیتو کی مدد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
جیتو نے کیا کہا؟
بینک میں کنکال لے کر آنے والے جیتو نے صحافیوں کو بتایا، میں کئی بار بینک گیا، لیکن وہاں کے لوگوں نے مجھ سے کہا کہ خاتون کو لے کر آؤ، تب ہی اس کا جمع شدہ پیسہ نکال سکتا ہے۔ میں نے انہیں بتایا کہ اس کی موت ہو چکی ہے، لیکن انہوں نے میری بات نہیں سنی۔ وہ اسے بینک لانے پر اڑے ہوئے تھے۔ اس لیے مایوسی میں میں نے قبر کھودی اور موت کے ثبوت کے طور پر اس کا کنکال نکال کر یہاں لے آیا۔