Sunday, November 23, 2025 | 02, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • شوبھمن گل جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ہوئے باہر،کون ہوگا ٹیم کا کپتان؟

شوبھمن گل جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ہوئے باہر،کون ہوگا ٹیم کا کپتان؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 23, 2025 IST

شوبھمن گل جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ہوئے باہر،کون ہوگا ٹیم کا کپتان؟
بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔رپورٹ کے مطابق، کپتان شوبھمن گل 30 نومبر سے شروع ہونے والی 3 میچوں کی ون ڈے سیریز میں شامل  نہیں ہوں گے۔ انتظامیہ کے نائب کپتان شریاس ائیرپہلے ہی ٹیم سے باہر ہیں، اس طرح ٹیم کی تشویش بڑھ گئی ہے۔ شوبھمن کو ڈاکٹر دینشا پاردیوالا نے آرام کی ہدایت دی ہے، حالانکہ وہ 9 دسمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی ٹی-20 سیریز تک فٹ ہو سکتے ہیں۔  
 
بی سی سی آئی نے کیا کہا؟
  
بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک افسر نے کہا، "بدقسمتی سے شوبھمن جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ انہیں مزید آرام کی ہدایت دی گئی ہے اور بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ اس کی پیشرفت کا جائزہ لینے اور اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرنے کے لیے اگلے ہفتے اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں شوبھمن کو چوٹ آئی تھی۔  
 
کون ہوگا بھارتی ٹیم کا کپتان؟  
 
شوبھمن اور شریاس ائیرکی غیر موجودگی میں انتخابی کمیٹی کو جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے نیا کپتان منتخب کرنا ہوگا۔ گھواہاٹی میں ہونے والی میٹنگ میں کے ایل راہل، اکشر پٹیل اور رشبھ پنت اس کے مضبوط امیدوار رہیں گے۔ پنت حال ہی میں ون ڈے ٹیم کا حصہ نہ ہونے کے باوجود، انتظامیہ اس فارمیٹ میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا چاہتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ٹیم کمپوزیشن میں شامل کرنے پر خاص زور دیا جا رہا ہے۔  
 
یہ کھلاڑی ون ڈے سیریز سے ہو سکتے ہیں باہر 
 
بھارتی ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کو ون ڈے سیریز سے آرام دیا جا سکتا ہے۔ ان کی واپسی ٹی-20 سیریز میں ہو سکتی ہے۔ بمراہ گزشتہ 4 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ انہیں آسٹریلیا کے خلاف بھی ون ڈے سیریز میں آرام دیا گیا تھا۔کلدیپ یادو بھی ون ڈے سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ وہ جلد ہی شادی کرنے والے ہیں۔ انہوں نے اس کے لیے بی سی سی آئی سے چھٹی کی درخواست کی ہے۔  
 
بتا دیں کہ ایڈن گارڈن ٹیسٹ میں دوسرے دن بیٹنگ پر آئے شوبھمن نے پہلے چوکا لگایا تھا اور اس کے بعد گردن کے درد سے پریشان ہوئے۔ انہیں دیکھنے کے لیے فوری طور پر فزیو میدان پر آئے تھے۔ اس کے بعد وہ میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ڈریسنگ روم کی طرف جاتے ہوئے شوبھمن تھوڑا بھی اپنی گردن نہ گھما پا رہے تھے۔چوٹ کی وجہ سے کپتان شوبھمن تیسرے دن بیٹنگ کے لیے دستیاب نہ تھے، کیونکہ اسی دوران وہ ہسپتال میں بھرتی تھے۔