سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بدھ کے روز نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد دونوں قیمتی دھاتیں گھریلو منڈی میں نئی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ جہاں 24 قیراط سونے نے ایک بار پھر 1 لاکھ روپے فی 10 گرام کا سنگ میل عبور کر لیا۔وہیں چاندی کی قیمت تاریخ میں پہلی مرتبہ 1.15 لاکھ روپے فی کلوگرام سے تجاوز کر گئی۔
ایک تولہ سونا اور ایک کلوچاندی کی قیمت
انڈیا بلین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (IBJA) کے مطابق، 24 قیراط سونے کی قیمت میں 1,025 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 99,508 روپے سے بڑھ کر 1,00,533 روپے فی 10 گرام ہو گئی۔ اسی طرح 22 قیراط سونا 91,149 روپے سے بڑھ کر 92,088 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا، جبکہ 18 قیراط سونا 74,631 روپے سے بڑھ کر 75,400 روپے ہو گیا۔چاندی کی قیمت میں بھی زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 1,357 روپے بڑھ کر 1,15,850 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔ رواں سال یکم جنوری سے اب تک چاندی کی قیمت میں 34 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا جا چکا ہے، جب اس کی قیمت 86,055 روپے فی کلوگرام تھی۔
فیوچر مارکیٹ میں بھی تیزی برقرار
ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (MCX) پر 5 اگست کے سونے کا معاہدہ 0.17 فیصد کے اضافے کے ساتھ 1,00,500 روپے پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا، جبکہ 5 ستمبر کی ڈیلیوری کے لیے چاندی کا معاہدہ 0.58 فیصد بڑھ کر 1,16,323 روپے ہو گیا۔
بین الاقوامی منڈی کا ملا جلا رجحان
عالمی سطح پر، سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ COMEX پر سونا 0.08 فیصد کمی کے ساتھ 3,441.10 ڈالر فی اونس پر آ گیا، جبکہ چاندی 0.52 فیصد اضافے کے ساتھ 39.76 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔
ماہرین کی رائے
ماہرین کے مطابق، گھریلو منڈی میں سونے کی بلند قیمتیں بین الاقوامی استحکام اور روپے کی مضبوطی کی وجہ سے ہیں۔ دوسری جانب چاندی نے ملکی اور عالمی منڈیوں میں اپنی مضبوط اوپر کی رفتار کو برقرار رکھا ہے۔LKP سیکورٹیز کے ماہر جتین ترویدی کا کہنا ہے کہ سونا مختصر مدت میں 99,000 سے 1,01,500 روپے کے درمیان تجارت کر سکتا ہے، جبکہ MCX پر سونے کی قیمتیں 1,03,500 روپے کی سطح کے قریب ٹریڈ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
سرمایہ کاروں کی نظریں امریکی اقتصادی اشاریوں پر
اب سرمایہ کار امریکی مینوفیکچرنگ اور سروسز PMI ڈیٹا پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں، جو عالمی اقتصادی رجحانات اور سونے-چاندی کی قیمتوں پر مستقبل میں اثر انداز ہو سکتا ہے۔