Wednesday, December 31, 2025 | 11, 1447 رجب
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • سون بھدرہ میں کوڈین شربت اسمگلنگ کیس: چار مفرور ملزمان پر 25،25 ہزار روپے انعام کا اعلان

سون بھدرہ میں کوڈین شربت اسمگلنگ کیس: چار مفرور ملزمان پر 25،25 ہزار روپے انعام کا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Dec 31, 2025 IST

سون بھدرہ میں کوڈین شربت اسمگلنگ کیس: چار مفرور ملزمان پر 25،25 ہزار روپے انعام کا اعلان
اترپردیش کے سون بھدرہ میں کوڈین ملا کھانسی کے شربت کی اسمگلنگ کے بڑے معاملے میں پولیس نے چار مفرور ملزمان پر انعام کا اعلان کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہر ملزم کی گرفتاری پر 25 ہزار روپے کا انعام رکھا گیا ہے۔مفرور ملزمان میں شبھم جیسوال، وشال اپادھیائے، نشانت گپتا اور وجے گپتا شامل ہیں۔ یہ تمام ملزمان اس وقت فرار بتائے جا رہے ہیں۔یہ معاملہ 19 اکتوبر 2025 کو اس وقت سامنے آیا تھا جب سون بھدرہ پولیس نے رابرٹس گنج کے قریب ایک گاڑی چیکنگ کے دوران ممنوعہ کوڈین کھانسی کے شربت کی بڑی کھیپ ضبط کی تھی۔
 
 جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی تھی۔ اس کے بعد غازی آباد اور رانچی میں بھی غیر قانونی  کھانسی کے شربت کی بڑی مقدار برآمد کی گئی۔ سون بھدرہ کے ایس پی ابھیشیک ورما نے بتایا کہ اس معاملے میں دو ملزمان کے خلاف پہلے ہی کارروائی کی جا چکی ہے جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
 
وارانسی کے شبھم جیسوال اور اس کے والد بھولا جیسوال کی قیادت میں کام کرنے والے ایک منظم سنڈیکیٹ کا انکشاف ہوا جو مبینہ طور پر جعلی ڈرگ لائسنس کے ذریعے کئی اضلاع اور ریاستوں میں کروڑوں بوتلیں سپلائی کر رہا تھا۔ معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی، جس میں سنڈیکیٹ کے وسیع نیٹ ورک کا پتہ چلا۔
 
سون بھدر میں دو فرموں کی رجسٹریشن کے بعد فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے رابرٹس گنج تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی۔ اس سے قبل بھولا پرساد اور ستیہ کمار کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ 18 نومبر کو 1.19 لاکھ سے زائد بوتلیں ضبط ہونے پر دو ڈرائیوروں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
 
ادھر اعظم گڑھ پولیس نے مفرور ملزم وپیندر سنگھ کی گرفتاری کے لیے 25 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بغیر درست ریکارڈ کے لاکھوں بوتلیں خریدیں اور تاحال فرار ہے۔