Friday, March 13, 2026 | 23 رمضان 1447
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کرکٹرکی شمولیت پر ہنگامہ،بھارت میں سخت ردعمل

دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کرکٹرکی شمولیت پر ہنگامہ،بھارت میں سخت ردعمل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Mar 13, 2026 IST

دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کرکٹرکی شمولیت پر ہنگامہ،بھارت میں سخت ردعمل
انگلینڈ کی معروف فرنچائز کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ کے 2026 کے مینز آکشن میں ایک اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی جب سن رائزرز لیڈز نے پاکستان کے لیفٹ آرم لیگ اسپنر ابرار احمد کو 190 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 2.3 کروڑ بھارتی روپے) میں خرید لیا۔ اس خریداری کے ساتھ ہی ابرار احمد اس ٹورنامنٹ میں کسی بھارتی ملکیت والی فرنچائز کی جانب سے منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر بن گئے ہیں۔

مستفیض الرحمان کے بعد ابرار احمد تنازعہ

 بنگلہ دیش میں اقلیتوں پرحملوں کی اطلاعات کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹرمستفیض الرحمان کو آئی پی ایل،کی ٹیم کلکتہ نائیٹ رائیڈرز میں نہیں کھیلنے کی  مانگ کی گئی۔ اور کےکےآر کومستفیض کو ٹیم سے نکالنے پرمجبور کیا گیا۔ اس معاملے پر کےکےآر کے مالک شاہ رخ خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اس تنازعہ نے طول اختیار کیا۔ اور بنگلہ دیش نے بھارت میں اپنی ٹیم کی سکیوریٹی خدشات کو لیکر ورلڈ کپ کےمیچ بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اور ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا۔ لیکن اب تازہ معاملہ سامنے آیا ہے۔

 کے کے آر، کےبعد ایس آر ایچ تنازعہ

پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو دی ہنڈرڈ میں سن رائزرز لیڈز کی جانب سے منتخب کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین نے اس معاملے کو بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان اور آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) سے جڑے سابقہ تنازعات سے بھی جوڑ دیا ہے۔سن رائز حیدرآباد کی ٹیم  کی مالکن کاویا مارن کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بائیکاٹ سن رائز  حیدرآباد  کا نعرہ بھی دیا گیا ہے۔

بھارتی کمپنی کی ملکیت والی فرنچائز

سن رائزرز لیڈز دراصل بھارتی میڈیا گروپ سن ٹی وی کی ملکیت ہے۔ سن ٹی وی اس سے پہلے سن رائزرز حیدرآباد (آئی پی ایل) اور سن رائزرز ایسٹرن کیپ (SA20 لیگ) کی فرنچائزز بھی چلاتا ہے۔حال ہی میں سن ٹی وی نے دی ہنڈرڈ کی ٹیم، جو پہلے ناردرن سپرچارجرز کے نام سے جانی جاتی تھی، میں تقریباً 100 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کر کے 49 فیصد حصص انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) سے اور باقی 51 فیصد یارکشائر کاؤنٹی سے خرید لیے تھے۔

ابرار احمد کی قیمت اور بولی کا مقابلہ

ابرار احمد کی بیس پرائس 75 ہزار پاؤنڈ مقرر تھی، تاہم آکشن کے دوران سن رائزرز لیڈز اور ٹرینٹ راکٹس کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ بالآخر سن رائزرز لیڈز نے 190 ہزار پاؤنڈ کی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔

بھارتی شائقین کا سوشل میڈیا پر ردعمل

اس فیصلے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ صارفین نے فرنچائز کی اس حکمت عملی کو کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت قدم قرار دیا، جبکہ کئی بھارتی شائقین نے شدید تنقید بھی کی۔کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ ابرار احمد ماضی میں ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم کے خلاف طنزیہ انداز میں جشن مناتے رہے ہیں، اس لیے بھارتی ملکیت والی ٹیم کی جانب سے ان کی خریداری مناسب نہیں۔

سن رائزرز لیڈز کا ایکس (X) اکاؤنٹ معطل

دلچسپ بات یہ ہے کہ ابرار احمد کی خریداری کے چند گھنٹوں بعد سن رائزرز لیڈز کا آفیشل X (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ معطل ہو گیا۔پلیٹ فارم کی جانب سے اس معطلی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، تاہم اکاؤنٹ کھولنے کی کوشش کرنے پر پیغام ظاہر ہوتا ہے کہ “اکاؤنٹ X کے قواعد کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے۔”

پاکستانی کھلاڑیوں کی محدود شرکت

یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2009 کے بعد سے کسی بھی پاکستانی کھلاڑی نے انڈین پریمیئر لیگ (IPL) میں شرکت نہیں کی۔ یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل سے وابستہ فرنچائز مالکان دنیا کی دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز میں بھی عام طور پر پاکستانی کرکٹرز کو منتخب کرنے سے گریز کرتے رہے ہیں۔تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ECB) نے واضح کیا ہے کہ دی ہنڈرڈ کے آکشن میں کھلاڑیوں کا انتخاب صرف کارکردگی، دستیابی اور ٹیم کی ضرورت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

دیگر پاکستانی کھلاڑی

آکشن میں ابرار احمد کے علاوہ پاکستان کے ایک اور اسپنر عثمان طارق بھی فروخت ہوئے جنہیں برمنگھم فینکس نے 140 ہزار پاؤنڈ میں خریدا۔اس کے برعکس پاکستان کے معروف کھلاڑیوں صائم ایوب، حارث رؤف اور شاداب خان کو اس بار کوئی ٹیم نہیں خرید سکی۔

سن رائزرز لیڈز کی اسکواڈ

سن رائزرز لیڈز کی ٹیم کی قیادت انگلینڈ کے اسٹار بیٹر ہیری بروک کریں گے جبکہ ٹیم کے کوچ سابق نیوزی لینڈ اسپنر ڈینیئل ویٹوری ہیں۔ آکشن کے دوران ٹیم نے جنوبی افریقہ کے ریان ریکلٹن، انگلینڈ کے زیک کرالی، میٹ پوٹس اور ڈین لارنس کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا۔
اس کے علاوہ ٹیم میں پہلے ہی بریڈن کارس، مچل مارش اور ناتھن ایلس جیسے اہم کھلاڑی موجود ہیں۔

دی ہنڈرڈ 2026 کا شیڈول

دی ہنڈرڈ 2026 ٹورنامنٹ 21 جولائی سے شروع ہو کر 16 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 34، 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ابرار احمد کی اس تاریخی سائننگ نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ فرنچائز کرکٹ میں سیاسی سرحدوں کے باوجود کھلاڑیوں کی صلاحیت کو اہمیت دی جاتی ہے، تاہم اس فیصلے نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو بھی جنم دے دیا ہے۔