Tuesday, January 06, 2026 | 17, 1447 رجب
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے کیا انکار

سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے کیا انکار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad Mia | Last Updated: Jan 05, 2026 IST

سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے کیا انکار
سپریم کورٹ نے پیر 5 جنوری کو 2020 دہلی فسادات سے متعلق غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کیس میں عمر خالد اور شرجیل امام سمیت 7 ملزموں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اس میں عدالت نے کیس کی سنگینی اور لگائے گئے الزامات کو دیکھتے ہوئے انہیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا۔ بتادیں کہ تمام 7 ملزم 2020 سے جیل میں بند ہیں اور انہیں طویل عرصے سے ضمانت کا انتظار تھا۔ تاہم، عدالت نے عمر خالد اور شرجیل امام کی درخواستوں کو مسترد کر دیا، جبکہ دیگر پانچ ملزموں کو ضمانت دے دی گئی۔
 
دہلی پولیس نے مقدمے میں تاخیر کے لیے ملزموں کو ذمہ دار ٹھہرایا
 
سماعت میں دہلی پولیس نے مقدمے میں تاخیر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سماعت ملتوی ہونے کی وجہ خود ملزم تھے۔ ملزموں کے کاروائی میں تعاون نہ کرنے سے مقدمے میں تاخیر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واٹس ایپ گروپ، دہلی پروٹیسٹ سپورٹ گروپ اور جامعہ آگاہی مہم ٹیم جیسے گروپوں نے گہری سوچی سمجھی سازش کے تحت سرگرمیوں کے لیے باہمی رابطہ کیا تھا۔ اسی وجہ سے شمالی دہلی بڑے پیمانے پر تشدد کی زد میں آ گیا تھا۔
 
دہلی ہائی کورٹ نے ضمانت مسترد کر دی تھی:
 
اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے 2 ستمبر 2025 کو کیس میں سماعت کرتے ہوئے ملزموں کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔ کورٹ نے دہلی فسادات کی سازش میں ملزموں کی مبینہ کردار کو انتہائی سنگین قرار دیا تھا۔ کورٹ نے کہا تھا کہ ملزموں نے احتجاجی مظاہروں کے دوران عوامی تحریک کو بھڑکانے کے مقصد سے فرقہ وارانہ بنیاد پر اشتعال انگیز تقریریں کی تھیں۔ اس کے بعد ملزموں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
 
دہلی فسادات کیس کیا ہے؟
 
سال 2020 میں 23 سے 26 فروری کے درمیان شمال مشرقی دہلی میں شہریت ترمیمی ایکٹ (CAA) اور نیشنل سٹیزن رجسٹر (NRC) کے خلاف مظاہروں کے دوران تشدد بھڑک اٹھا تھا۔ اس میں تقریباً 53 افراد ہلاک ہوئے اور 700 زخمی ہوئے تھے۔ کئی دکانیں اور گھر جلائے گئے اور کروڑوں کی املاک کا نقصان ہوا۔ اب تک درج 695 مقدمات میں سے 109 میں فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔ خالد اور دیگر پر اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام ہے۔