Saturday, May 09, 2026 | 21 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مغربی بنگال :سویندو ادھیکاری کی آج بطور وزیر اعلی حلف برداری،ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت

مغربی بنگال :سویندو ادھیکاری کی آج بطور وزیر اعلی حلف برداری،ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 09, 2026 IST

مغربی بنگال :سویندو ادھیکاری  کی آج  بطور وزیر اعلی حلف برداری،ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر سیکیورٹی سخت
سویندو ادھیکاری آج مغربی بنگال کے چیف منسٹر کے طورپر حلف لیں گے۔ حلف برداری تقریب کولکتہ کے بریگیڈ پریڈ گراونڈ میں ہوگی۔ اس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی۔ وزیر داخلہ امیت شاہ ۔بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین، این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، سینئر قائدین اور پارٹی عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔کولکتہ کے نیو ٹاؤن میں وشو بنگلہ کنونشن سنٹر میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد سویندو نے واضح طور پر اشارہ دیا کہ ان کی حکومت اجتماعی قیادت اور تنظیمی سیاست کے ماڈل پر آگے بڑھے گی۔اطلاعات کے مطابق بنگال میں یہ تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوسکتا ہے۔ بی جے پی نے تقریباً ایک ہزار وی وی آئی پی کارڈ اور تقریباً 9,000 دعوتی کارڈ اس تقریب کیلئے تقسیم  کئے ہیں۔ 
 
ادھر دوسری جانب کولکتہ میں سابق چیف منسٹر ممتا بنرجی کی کالی گھاٹ رہائش گاہ کے باہر سی آر پی ایف جوانوں کو تعینات کیاگیاہے۔ انتخابی نتائج کے بعد ممتا بنرجی کی رہائش گاہ اور ریاستی سکریٹریٹ پر بھاری سیکورٹی بشمول مرکزی فورسز کو تعینات کیا گیاہے۔ یہ تعیناتی ان واقعات کے بعد ہوئی جہاں مبینہ طور پر بی جے پی کے حامی ان کی کالی گھاٹ رہائش گاہ کے قریب جمع ہوئےاور جشن منایا گیا۔  
 
مرکزی فورسیس کی تعیناتی ناخوشگوار واقعات کو روکنے کیلئے بھی اہم ہے۔ واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے انتخابی شکست کے بعد بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے سے انکار کردیا تھا۔تاہم گورنر نے اسمبلی کو تحلیل کردیا جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار ہوئی۔ ممتا بنرجی کے اس فیصلہ کے پیش نظر بھی ان کی رہائش گاہ اور دیگر مقامات پر سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔