2026 خواتین کے ٹی20 ورلڈ کپ میں شائقین کو ایک اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں ویسٹ انڈیز نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔ آخری اوور تک جاری رہنے والے اس دلچسپ میچ میں ایک وقت اسکاٹ لینڈ کی جیت یقینی دکھائی دے رہی تھی، تاہم ویسٹ انڈیز کی عمدہ بولنگ نے میچ کا رخ بدل دیا۔
ٹاس ہار نے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ایک مرحلے پر ٹیم کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 85 رنز تھا۔ ایسے مشکل وقت میں تجربہ کار بلے باز اسٹیفنی ٹیلر نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 47 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ان کی برق رفتار اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز کا مضبوط مجموعہ کھڑا کیا۔
154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ نے پراعتماد آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ اگرچہ درمیانی اوورز میں چند اہم وکٹیں گرنے سے دباؤ بڑھ گیا، لیکن اوپنر ڈارسی کارٹر نے شاندار بلے بازی جاری رکھتے ہوئے 59 رنز بنائے، جس میں 8 خوبصورت چوکے شامل تھے۔
18 اوورز کے اختتام تک اسکاٹ لینڈ کا اسکور 5 وکٹوں پر 132 رنز تھا اور اسے جیت کے لیے آخری دو اوورز میں صرف 22 رنز درکار تھے۔ ایسے میں میچ کا سب سے اہم موڑ 19ویں اوور میں آیا، جب ڈارسی کارٹر پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔ ویسٹ انڈیز کی بولر عالیہ ایلین نے اسی اوور میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 5 رنز دے کر 3 قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔
آخری اوور میں اسکاٹ لینڈ کو فتح کے لیے 17 رنز درکار تھے، لیکن ویسٹ انڈیز کی کیانا جوزف نے دباؤ میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ آخری گیند پر سکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز نے 7 رنز سے یادگار کامیابی حاصل کر لی۔
اس شاندار جیت کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی، جبکہ اسکاٹ لینڈ ایک یادگار فتح کے بالکل قریب پہنچ کر بھی کامیابی حاصل نہ کر سکا۔ یہ مقابلہ ایک بار پھر اس حقیقت کا ثبوت بنا کہ ٹی20 کرکٹ میں آخری گیند تک نتیجہ تبدیل ہو سکتا ہے۔