Monday, September 01, 2025 | 09, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ:بلدی انتخابات کیلئے حکومت کی تیاریوں میں تیزی؛ستمبر کے دوسرے ہفتہ میں نوٹی فکیشن جاری ہونے کا امکان

تلنگانہ:بلدی انتخابات کیلئے حکومت کی تیاریوں میں تیزی؛ستمبر کے دوسرے ہفتہ میں نوٹی فکیشن جاری ہونے کا امکان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 31, 2025 IST     

image
تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ تیار ہے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے پیش نظر حکومت نے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ انتخابات کا نوٹیفکیشن ستمبر کے دوسرے ہفتے میں جاری ہونے کے امکانات ہیں۔ تاہم حکومت دو مرحلوں میں انتخابات کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی سیٹوں کے انتخابات ہوں گے اس کے ب عد پنچایتی انتخابات ہوں گے۔حکومت بلدیاتی اداروں میں بی سی کیلئے 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ اسمبلی میں اس سلسلے میں دو اہم بلوں کی منظوری کے بعد وہ پیر یا منگل تک ایک جی او جاری کرے گی۔
 
 اطلاعات کے مطابق ریاستی الیکشن کمیشن نے حکومت کو مطلع کیا ہے کہ اگر حکومت ریزرویشن کا عمل مکمل کرتی ہے تو اسے بی سی سیٹوں کو مختص کرنے کیلئے ایک ہفتہ کا وقت درکار ہوگا۔ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ پہلے ہی 30 ستمبر تک انتخابی عمل مکمل کرنے کے واضح احکامات جاری کر چکی ہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی اپنا کام تیز کر دیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر رانی کمودینی نے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کیلئے حتمی ووٹر لسٹ کا اعلان 10 ستمبر تک کرنے کا نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کر دیا ہے۔
 
 اس کے مطابق 6 ستمبر کو ڈرافٹ ووٹر لسٹ آویزاں کی جائے گی اور اعتراضات حاصل کرنے کیلئے 8 تاریخ کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی۔ تمام تر غور و خوض کے بعد حتمی فہرست کا اعلان 10 تاریخ کو کیا جائے گا۔حکومت تحفظات کو حتمی شکل دینے اور انتخابات کے انعقاد میں کسی قانونی پیچیدگی سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے۔ وزراء نے انکشاف کیا کہ پنچایت راج ایکٹ 2018 میں ترمیم ایڈوکیٹ جنرل کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی کی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی عدالت میں جائے گا تو فیصلے کی پاسداری کریں گے۔ یہ انتخابات 15ویں مالیاتی کمیشن کے فنڈز کی وصولی کیلئے اہم ہوں گے جو ڈیڑھ سال سے گورننگ باڈیز کی عدم موجودگی کے باعث تعطل کا شکار ہیں۔