تلنگانہ سی ایم ریونت ریڈی نے کہا کہ ہر ایک فرد کو دو پودے لگانے چاہئیں اور ان پودوں کی ایک ماں کی طرح حفاظت کرنا چاہئے تاکہ ریاست کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کو بڑھا کر ہی ہم محفوظ رہ سکتے ہیں۔
راجندر نگر میں پروفیسر جے شنکر تلنگانہ زرعی یونیورسٹی نے تلنگانہ زرعی یونیورسٹی کے بوٹینیکل گارڈن میں رودرکشا پلانٹیشن وناماہوتسوم پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ دو پودے لگا کر ان کی حفاظت کریں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنیادی طور پر جب مائیں پودا لگاتی ہیں تو وہ ان کی دیکھ بھال اسی طرح کرتی ہیں جس طرح وہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔ سی ایم نے بچوںکو بھی مشورہ دیا کہ بچے بھی اپنی ماؤں کے نام کا پودا لگائیں اور ان کی حفاظت کریں۔
تلنگانہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف پسماندہ طبقات کی خواتین کو معاشی طور پر ترقی دینا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اگر خواتین معاشی طور پر بہتر ہوں گی تو انہیں ریاست اور ملک کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی ترجیح حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ عزت نفس کے ساتھ کام کریں گے تو ریاست تمام شعبوں میں ترقی کرے گی۔
اس پروگرام میں وزیر کونڈا سریکھا، مقامی ایم ایل اے پرکاش گوڑ، ناگرکرنول کے ایم پی ملو روی اور دیگر نے حصہ لیا اور پودے لگائے۔ یونیورسٹی حکام، مقامی عوامی نمائندوں، طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور دیگر علاقوں سے خواتین بھی بڑی تعداد میں لائی تھیں۔