تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید شاہ غلام افضل بیانی نے حج 2027 کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی "رینڈم ڈیجیٹل سلیکشن" قرعہ اندازی کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ آن لائن قرعہ اندازی کا عمل رینڈم سلکشن کے ذریعہ بالکل صاف وشفاف طریقے سے کیا گیا ۔ مولانا سید خسر و پاشاہ صدر نشین حج کمیٹی نے قرعہ میں اٹھنے والے تمام خوش نصیبوں کو دلی مبارکباد دی ۔
انہوں نے بتایا کہ ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر میں ہونے والی قرعہ اندازی کا تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی، حج ہاؤس نامپلی میں پروجیکٹر کے ذریعے براہِ راست مشاہدہ کیا گیا- حج 2027 کے لیے ریاست بھر سے 11,708 آن لائن درخواستیں موصول ہوئی۔ ان میں 818 درخواستیں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی، 82 درخواستیں 65 اور 45 سال یا اس سے زائد عمر کی بغیر محرم خواتین درخواستیں موصول ہوئی ، اس کے علاوہ حج 2026 کی ویٹنگ لسٹ سے جنرل بیک لاگ کی 186 درخواستیں بھی شامل ہیں ، جبکہ 10,622 درخواستیں جنرل کیٹیگری سے موصول ہوئی۔
کوٹے اور قرعہ اندازی کی تفصیلات
حج کمیٹی کے مطابق تلنگانہ کے لیے 5,594 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں 1,086 درخواستیں ریزرو زمرے میں شامل کی گئی ہیں، جبکہ 4,508 عازمین کا انتخاب رینڈم ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 6,114 درخواست گزاروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے۔
منتخب عازمین کو کیا کرنا ہوگا؟
مولانا سید شاہ غلام افضل بیانی نے بتایا کہ جن عازمین کا انتخاب ہوا ہے، انہیں 10 اگست 2026 تک ایک لاکھ باون ہزار 1,52,300 روپے بطور ایڈوانس رقم جمع کرانی ہوگی۔ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) کی کسی بھی برانچ یا حج سہولت "Haj Suvidha" موبائل ایپ یا کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے۔ جناب محمد اسد اللہ ایگز کیٹو آفسیر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے کہا کہ جن عازمین حج کا نام قرعہ میں اُٹھا ہے انھیں ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جارہی ہے
ویٹنگ لسٹ کے درخواست گزاروں کے لیے ہدایت
حج کمیٹی نے کہا کہ جن درخواست گزاروں کا اس مرحلے میں انتخاب نہیں ہوا، وہ مایوس نہ ہوں کیونکہ ویٹنگ لسٹ کے مطابق انہیں بعد میں موقع مل سکتا ہے۔ کمیٹی کے مطابق حج 2026 کی ویٹنگ لسٹ کے 20 فیصد درخواست گزاروں کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا ہے۔
درخواست کی معلومات کہاں حاصل کریں؟
حج کمیٹی نے تمام درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی درخواست کی موجودہ صورتحال حج کمیٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا حج سہولت "Haj Suvidha" ایپ کے ذریعے چیک کریں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔ اگر کسی درخواست گزار کو قرعہ اندازی یا حج 2027 سے متعلق مزید معلومات جاننا ہوں تو وہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی، حج ہاؤس، نامپلی، حیدرآباد سے رابطہ کر سکتے ہیں یا 040-23298793 پر صبح 10:30 بجے سے شام 5:00 بجے تک معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔