موسم گرما کی سختی کم نہیں ہونے پر حکومت نے گرمائی تعطیلات میں اضافہ کیا ہے۔تلنگانہ میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول گرمیوں کی تعطیلات کے بعد 12 جون کے بجائے 15 جون کو دوبارہ کھلیں گے، محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اتوار کو اعلان کیا۔ ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن ای نوین نکولس نے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ہیں۔
12جون کےبجائے15جون کو کھلیں گے اسکول
تعلیمی کیلنڈربرائے سال 2026-27 کے مطابق، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت تمام اسکولز گرمیوں کی تعطیلات کے بعد 12 جون کو دوبارہ کھلنے تھے۔حکومت کو مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے متعدد نمائندگیاں موصول ہوئی ہیں جن میں نئے تعلمی سال کے آغاز پر نظر ثانی کی درخواست کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر نے کہا، "اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ 13 اور 14 جو بالترتیب دوسرے ہفتہ اور اتوار کو پڑتے ہیں، یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اسکول 12 جون کی بجائےاب 15 جون کو دوبارہ کھلیں گے۔"
جولائی کا دوسرا ہفتہ باقاعدہ کام کا دن ہوگا
"ان کے مطابق، دوبارہ کھلنے کے ملتوی ہونے کی وجہ سے ضائع ہونے والے تعلیمی وقت کی تلافی کرنے اور تعلیمی کیلنڈر 2026-27 کے تحت مقررہ تدریسی دنوں کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے، یہ حکم دیا جاتا ہے کہ ماہ جولائی کا دوسرا ہفتہ، یعنی11-07-2026، کواسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت تمام سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں کے لیے باقاعدہ کام کے دن کے طور پر سمجھا جائے گا۔
تمام اضلاع کے ڈی ای اوز کوہدایت
ڈائرکٹر نے تمام محکمہ جات کے سربراہان، اسکولی تعلیم کے علاقائی جوائنٹ ڈائرکٹرس، حیدرآباد اور ورنگل، اور ریاست کے تمام ضلعی تعلیمی افسران سے کہا ہے کہ وہ اس کے مطابق ضروری کاروائی کریں اور اپنے دائرہ اختیار کے تمام اسکولوں کو اس سے آگاہ کریں۔
یکم جون سے جونیئرکالجز میں تعلیم
واضح رہےکہ تلنگانہ بھر میں انٹرمیڈیٹ کالج یکم جون کو گرمیوں کی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھل گئے ہیں۔والدین اور سرکاری جونیئر لیکچررس نے ریاستی حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ ہیٹ ویو کے حالات کے پیش نظر طلباء کی صحت اور حفاظت سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کالجوں کو دوبارہ کھولنے کو کم از کم ایک ہفتہ تک ملتوی کردے۔
بہت سے کالجوں نے پہلے ہفتے میں کم حاضری ریکارڈ کی۔کلاس 11 اور 12 کے داخلوں کا پہلا مرحلہ 30 مئی کو ختم ہوا۔ داخلہ کا عمل جون تک جاری رہے گا۔تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن (ٹی جی بی آئی ای) نے اعلان کیا ہے کہ تعلیمی سال 2026-27 ،227 دنوں کا ہوگا جس میں ششماہی امتحانات اکتوبر میں شیڈول ہیں۔