الیکشن کمیشن تلنگانہ میں رائے دہندگان کی فہرست پرخصوصی نظر ثانی کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ریاست میں تقریباً 25 سال کے بعد پہلی بار 'ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی (SIR) - 2026' روگرام 25 جون سے شروع کیا جائے گا۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر (CEO) سی.سدرشن ریڈی نے جمعرات کو اس پروگرام کی تیاریوں پر حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔
انہوں نے جی ایچ ایم سی کمشنر، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس (ڈی ای اوز)، الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (ای آر او) اور ایڈیشنل سی ای او ڈاکٹر وسام وینکٹیشور ریڈی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پروگرام کو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے رہنما خطوط کے مطابق انتہائی شفافیت اور درستگی کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) اور ایجنٹس کے ساتھ تال میل کریں اور لوگوں میں وسیع پیمانے پربیداری پیدا کریں۔
اس عمل کے ایک حصے کے طور پر، BLOs 25 جون سے24 جولائی تک گھرگھرجا کر ووٹرز کی تفصیلات جمع اور تصدیق کریں گے۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد جعلی، فوت شدہ اور تبدیل شدہ ایڈریس ووٹرز کو فہرست سے نکالنا اور ہر اس شخص کو حق رائے دہی فراہم کرنا ہے جو اہل ہے۔ اس کے لیے ریاست بھر میں فیلڈ لیول پر35,000 سے زیادہ BLOs اور تقریباً 26,000 بوتھ لیول ایجنٹس کام کریں گے۔
حتمی ووٹر لسٹ یکم اکتوبر 2026 کو اہلیت کی تاریخ کے طور پر شائع کی جائے گی۔ اس سروے میں ریاست بھر کے تقریباً 3.39 کروڑ رائے دہندوں کی تفصیلات کا جامع طور پر جائزہ لیا جائے گا۔ عہدیداروں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ووٹنگ کی تفصیلات کی تصدیق کریں۔