چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آپریشن سندور کے نام پر پاکستانی دہشت گردوں کے کیمپوں کو تباہ کرنے والی ہندوستانی فوج کی حمایت میں آج یکجہتی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شام 6 بجے سیکرٹریٹ سے نیکلس روڈ تک یہ یکجہتی ریلی نکالی جائے گی۔ اس ریالی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا۔ وزراء اور ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران شرکت کریں گے۔اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے خاص طورپر نوجوانوں سے اس ریالی میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری فوج کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیاہے۔ اس لئے ہمارا بھی فرض بنتاہے کہ ہم فوج کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت دہشت گردوں اور اس کی حمایت کرنے والوں کے خلاف کی جانے والی ہر کاروائی میں مرکزی حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
حیدرآباد: شمس آباد ایئرپورٹ سے کئی پروازیں منسوخ
وہیں دوسری طرف حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے شمالی ہندوستان کے مختلف شہروں کیلئے کئی گھریلو پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ دہشت گردی کے کیمپوں پر حملوں اور راجستھان میں آئی اے ایف کی جاری مشقوں کے بعد حفاظتی اقدامات کی وجہ سے مختلف ایئرپورٹس کو عارضی طور پر بند کرنے کے بعد شمالی ہندوستان جانے اور آنے والی کم از کم 18 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ حیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے جن اہم راستوں کو منسوخی کا سامنا کرنا پڑا ان میں سری نگر۔ جموں۔ لیہہ۔ امرتسر۔ چندی گڑھ۔ دھرم شالہ اور جودھپور کی پروازیں شامل تھیں۔ اچانک فضائی حدود کی پابندیوں نے ایئر لائنز کو آپریشن روکنے پر مجبور کیا جس کی وجہ سے سفر میں بڑی رکاوٹیں آئیں۔کئی ایئر لائنز نے مسافروں کو آخری لمحات کی منسوخی اور فضائی حدود کے بدلتے ہوئے حالات کی وجہ سے ممکنہ تاخیر کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے اڈوائزری جاری کی۔ اس سلسلہ میں مسافروں سے اپیل کی گئی کہ وہ حیدرآباد ایرپورٹ جانے سے پہلے اپنی فلائٹ کی تصدیق کرلیں۔