Thursday, February 13, 2025 | 14, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پاکستان : صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر دہشت گردانہ حملہ، 4 فوجی سمیت 5 افراد ہلاک

پاکستان : صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر دہشت گردانہ حملہ، 4 فوجی سمیت 5 افراد ہلاک

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Feb 02, 2025 IST     

image
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا میں پیرا ملٹری فورس کی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں چار فوجیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس نے اس بارے میں جانکاری دی ہے۔ یہ واقعہ جنوبی وزیرستان کی سرحد سے متصل ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آیا۔ 
 
پولیس کے مطابق پیرا ملٹری فورس کے جوان ایک پرائیویٹ ڈرائیور کے ساتھ ضلع دربن تحصیل میں چوری شدہ ٹرک کی بازیابی کے لیے جا رہے تھے کہ اس دوران ان پر گھات لگا کر حملہ کر دیا گیا۔ اس حملے میں فورسز کے چار اہلکار اور ایک شہری بھی  مارے گئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی آپریشن جاری ہے۔ ہفتے کے روز، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں الگ الگ کارروائیوں میں 23 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ 
 
دریں اثناء پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ جو لوگ ملک کو نشانہ بناتے ہیں اور غیر ملکی آقاؤں کے کہنے پر دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے ہیں انہیں بخشا نہیں جائے گا ،بلکہ  مار گرایا جائے گا کیونکہ وہ 'دوستوں کے بھیس میں دشمن' ہیں۔ بلوچستان کے ضلع قلات میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 18 فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سربراہ جنرل عاصم نے ہفتے کے روز کوئٹہ کا دورہ کیاتھا ۔ اس لڑائی میں 23 دہشت گرد بھی مارے گئے۔