Thursday, January 30, 2025 | 30, 1446 رجب
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری سے ہوگا شروع ، صدر مرمو دونوں ایوانوں سے کریں گی خطاب ۔

پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری سے ہوگا شروع ، صدر مرمو دونوں ایوانوں سے کریں گی خطاب ۔

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Shahjad Mia | Last Updated: Jan 29, 2025 IST     

image
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس جمعہ سے شروع ہو رہا ہے۔ صدر دروپدی مرمو 31 جنوری کو دونوں ایوانوں سے خطاب کرکے اس کی شروعات کریں گی۔صدر جمہوریہ کا خطاب صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے لوک سبھا چیمبر میں ہوگا۔ اس کے بعد صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے لیے 3 فروری، 4 فروری اور 6 فروری کو 3 دن بحث ہوگی۔پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس دو حصوں میں ہوگا جو 31 جنوری سے شروع ہو کر 4 اپریل تک جاری رہے گا۔
 
پہلا سیشن 13 فروری کو ہوگا ختم ۔
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا حصہ 31 جنوری سے 13 فروری تک اور دوسرا 10 مارچ سے 4 اپریل تک جاری رہے گا۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو عام بجٹ پیش کریں گی، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بننے والی تیسری حکومت کا دوسرا عام بجٹ ہوگا ۔اس سے پہلے، جولائی 2024 میں حکومت کے قیام کے بعد، سیتا رمن نے عام بجٹ پیش کیا تھا۔ سیتا رمن کا یہ آٹھواں بجٹ ہوگا۔
 
30 جنوری کو آل پارٹی اجلاس:
بجٹ اجلاس کے آغاز سے قبل مرکزی حکومت نے 30 جنوری کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ یہ جانکاری مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے دی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو اجلاسوں میں کافی ہنگامہ ہوا، جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کی شبیہ خراب ہوئی۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈروں سے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ ایوان کو چلانے میں تعاون کریں گے۔ بجٹ اجلاس کے پہلے حصے میں کل 9 اجلاس ہوں گے اور دوسرے حصے سمیت پارلیمنٹ میں کل 27 اجلاس ہوں گے۔