• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • لڑکی شادی کرنا چاہتی تھی، اہل خانہ نے کیاانکار ، نوجوان انکت کی لاش ملی

لڑکی شادی کرنا چاہتی تھی، اہل خانہ نے کیاانکار ، نوجوان انکت کی لاش ملی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 11, 2026 IST

لڑکی شادی کرنا چاہتی تھی، اہل خانہ نے کیاانکار ، نوجوان انکت کی لاش ملی
بہار کے گیا ضلع میں ایک نوجوان (انکت) کے قتل کا الزام اس کے خاندان نے ایک لڑکی پر لگایا ہے۔ انکت کے والد نے لڑکی کے خلاف گیا کے میڈیکل تھانہ میں ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے اس پر کئی سنگین الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ خاندان کا الزام ہے کہ انکت کا قتل لڑکی نے سازش کرکے کروایا ہے۔ لڑکی انکت سے شادی کرنا چاہتی تھی اور اس کے لیے وہ اس پر دباؤ بھی ڈال رہی تھی۔ لیکن دونوں آپس میں رشتہ دار تھے، اس وجہ سے خاندان نے شادی سے انکار کر دیا تھا۔ الزام ہے کہ اس کے بعد لڑکی نے انکت کو کئی بار دھمکیاں بھی دی تھیں۔
 
شادی سے انکار پر قتل:
 
انکت کے بڑے بھائی راجہ یادو کے مطابق، فیس بک چیٹ میں بھی شادی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے اشارے ملتے ہیں۔ پولیس اس کی جانچ کر سکتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس کال ڈیٹیلز اور دیگر تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔
 
قتل کے بعد لاش پھینک دی:
 
پولیس کے مطابق جمعرات کو میڈیکل تھانہ علاقے کے پٹل بگہا کے قریب بالو سٹوریج کے پاس ایک نوجوان کی نامعلوم لاش ملی تھی۔ پولیس نے جب اس کی جانچ شروع کی تو مرنے والے کی شناخت انکت یادو عرف لالو (22) کے طور پر ہوئی۔ انکت اپنے خاندان کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا۔ انکت یادو کے والد رشی یادو بودھ گیا کے شاکیمونی کالج میں ملازم ہیں۔
 
تصویر سے کھلا راز:
 
انکت جمعرات کی صبح روزانہ کی طرح گھر سے نکلا تھا، خاندان والوں نے سوچا کہ کوئی ضروری کام ہوگا۔ لیکن جب دوپہر گزرنے کے باوجود وہ واپس نہ آیا تو فکر بڑھ گئی۔ خاندان نے کئی بار اسے فون کیا لیکن موبائل بند ملا۔ شام تقریباً سات بجے خاندان کو ایک تصویر سے اس کی موت کی اطلاع ملی۔ تصویر میں انکت کے جسم میں گولی لگی ہوئی تھی۔ تصویر دیکھتے ہی خاندان میڈیکل تھانہ پہنچا۔ 
 
وہاں پتا چلا کہ ایک نامعلوم نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجی گئی ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق مرنے والے کے سر میں دو گولیاں لگی تھیں۔ واقعہ کی جگہ سے پولیس نے ایک پستول اور ایک خول بھی برآمد کیا ہے۔ ابتدائی طور پر معاملہ قتل کا ہی سمجھا جا رہا ہے۔