• News
  • »
  • قومی
  • »
  • نائب صدر کے انتخاب کیلئے نامزدگی کا عمل آج سے شروع، انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا

نائب صدر کے انتخاب کیلئے نامزدگی کا عمل آج سے شروع، انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 07, 2025 IST     

image
نائب صدر کے انتخاب کیلئے نامزدگی کا عمل آج سے شروع ہوگا ۔نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا۔ نائب صدر کے عہدے کیلئے نامزدگی 21 اگست تک داخل کیے جائیں گے۔ جگدیپ دھنکھر نے 21 جولائی کی رات اچانک نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیاتھا جس کی وجہ سے یہ انتخاب ضروری ہوگیاہے۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 22 جولائی کو دھنکھر کا استعفیٰ قبول کرلیا تھا ۔ 74 سالہ دھنکھر کی میعاد 10 اگست 2027 تک تھی تاہم انہوں نے صحت کی وجہ سے وقت سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا۔
 
اطلاعات کے مطابق کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت یا سکم کے گورنر اوم ماتھر بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے اتحاد کی طرف سے نائب صدر کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔ان کے علاوہ راجیہ سبھا کے موجودہ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن سنگھ کا نام بھی زیر بحث ہے۔ ادھر دوسری جانب اکثریت سے دور ہونے کے باوجود انڈیا اتحاد بھی اپنا امیدوار کھڑا کرنے پر غور کررہاہے۔ 

انڈیا اتحاد کس قسم کا امیدوار کھڑا کر سکتا ہے؟

ہندوستانی اتحاد کے قائدین کا خیال ہے کہ تعداد کم ہونے کے باوجود انہیں نائب صدر کے انتخاب میں این ڈی اے کے خلاف امیدوار کھڑا کرنا چاہئے۔ اتحادی جماعتیں ایسے ممکنہ ناموں پر غور کر رہی ہیں جن کی شبیہ پسماندہ طبقات، اقلیتوں، کسانوں اور عام لوگوں میں مضبوط اور قابل قبول سمجھی جاتی ہے۔

این ڈی اے کا امیدوار کون ہو سکتا ہے؟

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش کا نام این ڈی اے امیدوار کے طور پر سامنے آرہا ہے۔ وہ جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور انہیں نتیش کمار اور مودی حکومت کا بھروسہ مند ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ اب تک نائب صدر کے عہدہ پر فائز رہنے والے جگدیپ دھنکھر اور وینکیا نائیڈو بی جے پی کے پس منظر سے تھے، اس لیے مانا جا رہا ہے کہ اس بار بھی بی جے پی اپنے کسی لیڈر کو اس عہدے پر بٹھا سکتی ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور سابق وزیر اعلیٰ کرپوری ٹھاکر کے بیٹے رام ناتھ ٹھاکر کے نام بھی سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں، لیکن ان قیاس آرائیوں کو زیادہ اہمیت نہیں دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بہار کے گورنر عارف محمد خان کے نام بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

ووٹ 9 ستمبر کو ڈالے جائیں گے:

الیکشن کمیشن نے چند روز قبل نائب صدر کے عہدے کے لیے تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد جمعرات کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ کاغذات نامزدگی 21 اگست تک داخل کیے جاسکتے ہیں اور ووٹنگ 9 ستمبر کو ہوگی۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھر کے اچانک استعفیٰ کے بعد یہ انتخاب ضروری ہو گیا ہے۔ ان کے استعفیٰ سے یہ عہدہ خالی ہوا ہے جس کی وجہ سے اب نئے نائب صدر کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔