Friday, June 06, 2025 | 10, 1446 ذو الحجة
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • سال 2025 میں بھارت کا سیاحتی شعبہ 22 لاکھ کروڑ روپے کی معیشت بننے کو تیار: رپورٹ

سال 2025 میں بھارت کا سیاحتی شعبہ 22 لاکھ کروڑ روپے کی معیشت بننے کو تیار: رپورٹ

Reported By: Munsif TV | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 04, 2025 IST     

image
بھارت کا شعبہ ٹریول اینڈ ٹورازم نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے تیار ہے۔ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (WTTC) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، 2025 میں بھارت کا ٹریول اینڈ ٹورازم سیکٹر ملک کی معیشت میں ریکارڈ 22 لاکھ کروڑ روپے کا حصہ ہو گا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں تیزی سے اضافہ نہ صرف ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ روزگار کے مواقع میں بھی زبردست اضافہ ہوگا۔ تخمینہ ہے کہ 2025 میں اس شعبے میں ملازمتوں کی تعداد 48 ملین سے تجاوز کر جائے گی۔

سیاحت سے9 فیصد روزگار

ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی صدر اور سی ای او جولیا سمپسن نے بتایا کہ بین الاقوامی سیاحوں کا خرچ 3.2 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچنے کی امید ہے، جبکہ گھریلو سیاحت کے اخراجات 16 لاکھ کروڑ روپے تک متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں سفر اور سیاحت کا شعبہ ایک نمایاں آجر بن چکا ہے۔ 2024 میں اس شعبے میں 46 ملین سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئیں، جو ملک کے کل روزگار کا 9 فیصد بنتا ہے۔

 شعبہ سیاحت کا مستقبل روشن

2024 کو "ناقابل یقین سال" قرار دیتے ہوئے جولیا سمپسن نے کہا کہ وبا کے بعد سیاحت کی بحالی میں گھریلو سیاحتی اخراجات نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، اور آنے والے برسوں میں اس شعبے کا مستقبل "بے حد روشن" نظر آ رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق، 2024 میں بھارت میں بین الاقوامی سیاحوں کے اخراجات 3.1 ٹریلین روپے (تقریباً 36.8 بلین امریکی ڈالر) تک جا پہنچے، جو کووِڈ-19 سے پہلے کی سطح سے 9 فیصد زیادہ ہیں۔ جولیا سمپسن نے حکومت کے ای ویزا سسٹم اور ویزا آن ارائیول پالیسیز کو مزید مؤثر اور تیز تر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر امریکہ جیسی کلیدی مارکیٹوں کے لیے ویزا کے تاخیر سے جاری ہونے والے شیڈول سیاحوں کی راہ میں رکاوٹ ہے، جسے دور کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔گھریلو سیاحت کا رجحان بھی بے حد مضبوط رہا، جس کے تحت 2024 میں گھریلو سیاحوں نے 15.5 لاکھ کروڑ روپے (185.6 بلین ڈالر) خرچ کیے، جو کووڈ سے پہلے کی سطح سے 22 فیصد زیادہ ہے۔ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے مطابق، 2024 میں بھارت کی معیشت میں سفر اور سیاحت کا مجموعی حصہ تقریباً 21 لاکھ کروڑ روپے رہا، جو ملک کی جی ڈی پی کا 6.6 فیصد بنتا ہے۔

حکومتی اقدامات کی ضرورت

رپورٹ میں بھارت میں ای ویزا اور ویزا آن ارائیول سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ غیر ملکی سیاحوں کی آمد کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔ خاص طور پر امریکہ اور دیگر اہم ممالک کے سیاحوں کے لیے ویزا کا عمل سادہ اور جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

  سیاحتی شعبہ دنیا کی بڑی معیشت بننے تیار

یہ رپورٹ بھارت میں سیاحت اور سفر کے روشن مستقبل کی واضح تصویر پیش کرتی ہے۔ گھریلو اورغیرملکی سیاحت میں اضافے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر حکومتی پالیسیاں سہولت بخش رہیں تو آنے والے برسوں میں بھارت کا سیاحت کا شعبہ دنیا کی بڑی معیشتوں کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔