Wednesday, July 09, 2025 | 14, 1447 محرم
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • حکومتی پالیسیوں کے خلاف ٹریڈ یونینوں کی بڑی ہڑتال، 25 کروڑ مزدور بھارت بند میں شامل

حکومتی پالیسیوں کے خلاف ٹریڈ یونینوں کی بڑی ہڑتال، 25 کروڑ مزدور بھارت بند میں شامل

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 09, 2025 IST     

image
مرکزی ٹریڈ یونینوں اور کسان تنظیموں کی جانب سے آج بھارت بند منایا جارہاہے۔ احتجاج کرنے والی تنظیمیں مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں جنہیں وہ مزدور مخالف، کسان مخالف اور کارپوریٹ نواز سمجھتی ہیں۔بینکنگ، ٹرانسپورٹ، ڈاک خدمات، کوئلہ کانکنی اور تعمیراتی شعبوں کے تقریباً 25 کروڑ ملازمین اور دیہی مزدور اس ہڑتال میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس سے کئی ریاستوں میں عوامی خدمات متاثر ہونے کا امکان ہے۔اسکول، کالج اور پرائیویٹ دفاتر معمول کے مطابق کھلے ہیں تاہم ٹرانسپورٹ، بینک اور ڈاک خدمات میں خلل کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوسکتی ہے۔بھارت بند سے بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ 
 
 
پاور سیکٹر سے وابستہ 27 لاکھ سے زیادہ ملازمین اس ملک گیر ہڑتال میں شامل ہوئے ہیں جس سے کئی ریاستوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل پڑ سکتا ہے۔ٹریڈ یونینوں کے مطابق مرکزی حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف منعقد کی جانے والی اس ہڑتال میں بجلی مزدور بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے ہیں۔ ایسی صورت حال میں کئی علاقوں میں بجلی کی کٹوتی یا خدمات میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔ادھر دوسری جانب ریلوے یونینوں نے بھارت بند میں شرکت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے لیکن ہڑتال کا بالواسطہ طور پر ٹرین خدمات پر اثر پڑسکتا ہے۔ پورے ریلوے نیٹ ورک کے ٹھپ ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے لیکن کچھ روٹس پر ٹرینوں میں تاخیر، پلیٹ فارم پر ہجوم یا مقامی رکاوٹیں ہو سکتی ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے اپنے روٹ کی حالت چیک کریں۔
 
 
مغربی بنگال میں بھی بھارت بند کا اثر نظر آرہاہے۔ یہاں بس اور ٹرین سرویس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مختلف علاقوں میں بند کے دوران ٹریڈ یونینوں نے مرکزی حکومت کی مزدور پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت ارب پتیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے مزدوروں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے۔ احتجاجیوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی بھی حال میں مزدوروں کے حقوق چھیننے کی کوشش کامیاب ہونے نہیں دیں گے