اتر پردیش کے ضلع جھانسی میں پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں مافیا شخصیت عتیق احمد کے چھوٹے بیٹے ابان احمد کی موت ہو گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ابان احمد اپنے ساتھیوں کے ساتھ پریاگ راج سے جھانسی جیل میں قید اپنے بھائی علی احمد سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ پونچھ تھانہ علاقے میں قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں ابان احمد اور ان کے دوست سونو موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ محمد زید، عمر اور ایک دیگر ساتھی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جبکہ زخمیوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکام تمام پہلوؤں سے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عتیق احمد کے بیٹے علی احمد کو یکم اکتوبر 2025 کو نینی جیل سے جھانسی جیل منتقل کیا گیا تھا۔ ابان احمد اور ان کے ساتھی اسی سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آ گیا۔