Monday, November 24, 2025 | 03, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • یوپی:دال منڈی مارکیٹ تنازع،مسلم دکانداروں کو بلڈوزر ایکشن کا خطرہ، ایس پی لیڈر عمران ببلو گرفتار

یوپی:دال منڈی مارکیٹ تنازع،مسلم دکانداروں کو بلڈوزر ایکشن کا خطرہ، ایس پی لیڈر عمران ببلو گرفتار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 22, 2025 IST

 یوپی:دال منڈی مارکیٹ  تنازع،مسلم دکانداروں کو بلڈوزر ایکشن کا خطرہ، ایس پی لیڈر عمران ببلو گرفتار
اتر پردیش کے وارانسی کے دالمنڈی مارکیٹ میں انتظامیہ دکانوں کے خلاف بلڈوزر کاروائی کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ حال ہی میں انتظامیہ نے دالمنڈی مارکیٹ میں 187 دکانداروں اور زمینداروں کو نوٹس جاری کیے تھے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ مکانات فوری خالی کرائے جائیں ورنہ بلڈوزر کاروائی کی جائے گی۔جسکے بعد یہ معاملہ اب اتر پردیش میں وارانسی سے لے کر دارالحکومت لکھنؤ تک سرخیوں میں ہے۔ جمعہ کو، جب سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایس پی لیڈر کے ہمراہ دال منڈی کے تاجروں کے  ساتھ میڈیا سے بات کی، انہوں نے بی جے پی کی پالیسیوں پر سوال اٹھایا اور دال منڈی کو چوڑا کرنے کے پروجیکٹ کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
 
دال منڈی بازار سے تھانے تک ہنگامہ ہوا:
 
 لیکن کچھ  وقفہ کے بعد ہی شام تک وارانسی پولیس نے اس معاملے پر کاروائی  کرتے ہوئے ایس پی لیڈر عمران ببلو کو گرفتار کر لیا، جس سے مقامی سماج وادی پارٹی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس کے مطابق ایس پی لیڈر کے خلاف پہلے ہی مقدمہ درج تھا۔عمران ببلو اور دیگر 30 سے ​​زائد افراد کے خلاف وی ڈی اے کے ایک اہلکار کی شکایت پر سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایس پی رہنما عمران کی گرفتاری کے وقت مقامی تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عمران خود ان کی گرفتاری پر احتجاج کر رہے تھے۔ قریبی پولیس اسٹیشن لے جانے کے بعد بڑی تعداد میں مقامی لوگ بھی ایس پی لیڈر کی حمایت کے لیے جمع ہوگئے۔ 
 
انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے یہ کاروائی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ اس کاروائی سے سب سے زیادہ نقصان مسلم دکانداروں کو ہوگا، اور دکانداروں نے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی تمام دکانیں اور مکانات اسی وقت خالی کریں گے جب انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ اسی تنازع کو لیکر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے لکھنؤ میں اس معاملے کو لے کر پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یوگی حکومت پر سخت حملہ کیا۔
 
لکھنؤ میں پریس کانفرنس کے دوران سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے وارانسی کے دال منڈی میں سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے دکانوں اور مکانات کو گرانے کی مخالفت کی۔ انہوں نے یوگی حکومت سے اس طرح کی کارروائی روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وارانسی میں دال منڈی مارکیٹ ایک بہت ہی تاریخی جگہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دال منڈی کے دکاندار گزشتہ کئی ماہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
 
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے دال منڈی مارکیٹ میں دکانوں اور مکانات کو بلڈوز کرنے کے بی جے پی کے فیصلے کو سیاسی طور پر محرک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورثے کو بچانے کی کاروائی نہیں ہے بلکہ سیاسی فائدے کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ دکانیں چھین سکتے ہیں لیکن گاہک کہاں سے تلاش کریں گے۔
 
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ بی جے پی کی سیاست منفی اور تنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دال منڈی کو چوڑا کرنا بی جے پی کی تنگ سیاست کی سازش ہے۔