ملک میں آج سے یو نیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس یعنی یو پی آئی کے استعمال کرنے والوں کیلئے بڑی خبر ہے۔ اگر آپ بھی فون پے۔ پے ٹی ایم جیسی ایپس استعمال کرتے ہیں تو یہ خبر آپ کیلئے ہے۔نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا نے یو پی آئی لین دین کے قوانین میں کچھ اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ یہ قواعد آج یعنی 15 ستمبر 2025 سے نافذ ہو گئے ہیں۔ اب انشورنس، کیپٹل مارکٹ ۔ لون اور سفر جیسے زمروں میں ایک دن میں ایک لاکھ روپیوں تک کی ادائیگی کی جاسکتی ہے۔
یہ بات قابل غور ہے کہ یہ قواعد تاجروں یا اداروں کو ادائیگی کرنے پر لاگو ہوگی۔ اس کے علاوہ انشورنس پریمیم اور کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی حد 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 24 گھنٹے میں 10 لاکھ روپے تک کی زیادہ سے زیادہ ٹرانزیکشن بھی کی جا سکتی ہے۔سفری شعبے میں اب ایک وقت میں 5 لاکھ روپے تک کی ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ پہلے یہ حد ایک لاکھ روپے تھی۔ اسی طرح گورنمنٹ ای۔مارکیٹ پلیس پر ٹیکس اور ای ایم ڈی کی ادائیگی اب فی لین دین 5 لاکھ روپے اور یومیہ 10 لاکھ روپے تک کی جاسکتی ہے۔
جعلی سم کارڈ ریکیٹ کا پردہ فاش:
اترپردیش کے رام پور میں جعلی سم کارڈ ریکیٹ چلانے اور بیرون ملک بھیجنے کے الزام میں 5 مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔اس سلسلہ میں رام پور کے ایڈیشنل ایس پی اتول کمار سریواستو نے کہاکہ ہمیں معلوم ہوا کہ جعلی سکم کارڈ فروخت کیے جا رہے ہیں۔ ان سموں کو کمبوڈیا سے لوگوں کو فون کرکے دھوکہ دے کر سائبر جرائم میں سہولت فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ تفصیلی تحقیقات کے بعد سائبر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ اتول کمار سریواستو نے کہاکہ تحقیقات کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پتہ چلا کہ انہوں نے جعلی شناخت اور پی او ایس مشین آئی ڈی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ہزار سے زیادہ سم کارڈ حاصل کیے تھے۔ ان سموں کا استعمال کمبوڈیا سے کال کرنے کیلئے کیا گیا جس کے نتیجے میں تقریباً 2.25 کروڑ روپے کا بڑے پیمانے پر فراڈ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ تحقیقات جاری ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔