Saturday, August 30, 2025 | 07, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • امریکہ کی اپیل کورٹ نے ٹرمپ کو دیا بڑا جھٹکا، عدالت نے متعدد محصولات کو غیرقانونی قرا ردیا

امریکہ کی اپیل کورٹ نے ٹرمپ کو دیا بڑا جھٹکا، عدالت نے متعدد محصولات کو غیرقانونی قرا ردیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 30, 2025 IST     

image
امریکہ کی ایک اپیل کورٹ نے بڑا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیادہ تر ٹیرف غیر قانونی ہیں۔ عدالت کا یہ فیصلہ اس پالیسی کے لیے بڑا دھکا ہے جس میں ٹرمپ نے ٹیرف کو اپنی بین الاقوامی اقتصادی حکمت عملی کا اہم ہتھیار بنایا تھا۔ تاہم عدالت نے کہا ہے کہ یہ ٹیرف 14 اکتوبر تک نافذ رہیں گے تاکہ ٹرمپ انتظامیہ کو امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا وقت ملے۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے یکم فروری سے مختلف ممالک پر محصولات عائد کیے تھے تاہم بعد میں ٹیرف لگانے کی تاریخوں میں توسیع کر دی گئی اور کچھ ممالک کو استثنیٰ بھی دیا گیا۔ 
 
2 اپریل کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خود آگے بڑھ کر باہمی محصولات کی شرحوں کا اعلان کیا اور ٹیرف عائد کیے جانے والے ممالک کی فہرست بھی جاری کی تھی۔ اپیل کورٹ کے فیصلے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پوسٹ میں لکھاکہ تمام ٹیرف اب بھی اپنی جگہ پر ہیں۔آج ایک انتہائی متعصب اپیل کورٹ نے غلطی سے کہا کہ ہمارے ٹیرف اٹھا لیے جائیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ آخر میں امریکہ کی جیت ہوگی۔ اگر یہ ٹیرف کبھی اٹھائے گئے تو یہ ایک تباہی ہو گی اور امریکہ کی تجارت کو مزید نقصان پہنچے گا۔ دوسرے ممالک، دوست یا دشمن کی طرف سے عائد ٹیرف اور دیگر تجارتی رکاوٹیں ہمارے پروڈیوسروں، کسانوں اور باقی سب کو کمزور کرتی ہیں۔ 

ٹرمپ اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر سکتے ہیں:

عدالت نے فیصلہ دیا کہ صدر کے پاس اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر چھوٹے، علاقائی جیسے ٹیرف لگانے کا قانونی اختیار ہے، لیکن انہوں نے اپریل میں پہلی بار اعلان کردہ درآمدات پر عالمی ٹیرف کے ساتھ اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اپیل کورٹ کے فیصلے کو امریکی سپریم کورٹ میں چیلنج کر سکتی ہے۔

ٹیرف ہٹانے کا فیصلہ تباہ کن ہوگا: ٹرمپ

ساتھ ہی امریکی صدر نے اپیل کورٹ کے فیصلے کے بعد بیان جاری کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز تصدیق کی ہے کہ ممالک پر عائد تمام محصولات برقرار رہیں گے۔ انہوں نے عدالت کے فیصلے کو جانبدارانہ اور غلط قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ تمام ٹیرف اب بھی اپنی جگہ پر ہیں۔ صدر نے کہا کہ عدالت نے انتہائی متعصبانہ انداز میں کہا ہے کہ ہمارے ٹیرف ختم کر دیے جائیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ آخر کار جیت امریکہ کی ہو گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ ٹیرف ہٹانے کا فیصلہ ملک کے لیے مکمل طور پر تباہ کن ہوگا۔ یہ ہمیں معاشی طور پر کمزور کر دے گا۔