مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج ریاست بہار کا دورہ کریں گے ۔ اس دورے کے موقع پر امیت شا ہ سیتامڑھی میں دیوی سیتا کی جائے پیدائش پنورا دھام میں جانکی مندر کی از سر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اور اس موقع پرسیتامڑھی سے دہلی تک امرت بھارت ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ امیت شاہ کے دورے کے پیش نظرسیتامڑھی کے پنورا دھام میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ماتا سیتا کے ایک عظیم الشان مندر کی تعمیر کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس سے بہار کی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔
پروگرام کے مطابق وزیر داخلہ امت شاہ دوپہر 2:40 بجے پنورا دھام پہنچیں گے۔ مندر میں پوجا کرنے کے بعد، وہ 2:55 سے 3:15 بجے تک وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ زمین پوجن اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد وہ جنک پور کے سنتوں اور باباؤں سے ملاقات کریں گے۔ دوپہر 3:43 بجے وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سیتامڑھی-دہلی امرت بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور 4:10 بجے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر دونوں نائب وزیر اعلیٰ سمرٹ چودھری اور وجے کمار سنہا، مرکزی اور ریاستی حکومت کے کئی وزراء اور سنت برادری کے سرکردہ نمائندے موجود رہیں گے۔
پورے ملک کے لیے خوشی کا دن، شاہ
پروگرام کے بارے میں امیت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'X' پر لکھا، جمعہ پورے ملک اور خاص طور پر متھیلا کے لیے بڑی خوش قسمتی اور خوشی کا دن ہونے والا ہے، جب بہار کے سیتامڑھی میں ماں سیتا کی جائے پیدائش پر مقدس پنورا دھام مندر اور کمپلیکس کی مجموعی ترقی کے لیے بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
پنورا دھام کے لیے خصوصی ٹرین بھی تحفے میں دی گئی:
امیت شاہ نے مزید لکھا، اس کے ساتھ یہاں آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے رابطہ بڑھانے کے لیے پی ایم مودی نے سیتامڑھی-دہلی امرت بھارت ٹرین کو بھی منظوری دی ہے، جس کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔
سنکلپ اسنان 11 مقدس ندیوں کے پانی سے کیا جائے گا:
بھومی پوجن کے لیے جے پور سے چاندی کا کلش، دہلی سے چاندی سے بنا خصوصی پوجا کا سامان، ملک کے 21 زیارت گاہوں کی مٹی اور 31 مقدس ندیوں کا پانی لایا گیا ہے۔ پوجا کے بعد پٹنہ مہاویر مندر کی جانب سے گنگا سمیت 11 مقدس ندیوں کے پانی سے سنکلپ اسنان کیا جائے گا اور تروپتی بالاجی کے لڈو پرساد تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ مندر67 ایکڑ میں تعمیر کیا جا رہا ہے:
67 ایکڑ میں بننے والے اس مندر کی تعمیر کے لیے نتیش حکومت نے 883 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ تین سال میں مندر کی تعمیر کا ہدف ہے۔ عقیدت مندوں کے لیے سہولیات کے ساتھ ساتھ، تاریخی شواہد، حقائق اور ماتا سیتا سے متعلق کہانیوں کو کمپلیکس میں رکھا جائے گا، تاکہ یہاں آنے والا ہر شخص متھیلا اور ایودھیا کے ثقافتی ورثے سے جڑ سکے۔