Thursday, May 21, 2026 | 03 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • ویبھو سوریاونشی کا شاندار فارم برقرار، اورنج کیپ پر قبضہ

ویبھو سوریاونشی کا شاندار فارم برقرار، اورنج کیپ پر قبضہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: May 20, 2026 IST

ویبھو سوریاونشی کا شاندار فارم برقرار، اورنج کیپ پر قبضہ
آئی پی ایل 2026 میں نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیزن کے سب سے کامیاب بلے باز بن گئے ہیں۔ سیزن کے آغاز سے قبل ویبھو نے کہا تھا کہ انہوں نے رنز کا کوئی خاص ہدف مقرر نہیں کیا، بلکہ وہ اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں، اور اب ان کی کارکردگی نے سب کو متاثر کر دیا ہے۔
 
راجستھان رائلز کے لیے کھیلتے ہوئے ویبھو سوریاونشی نے اس سیزن میں ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اگر راجستھان رائلز اس وقت پلے آف کی دوڑ میں مضبوط دعویدار بنی ہوئی ہے تو اس میں ویبھو کی جارحانہ اور مسلسل عمدہ بیٹنگ کا بڑا ہاتھ ہے۔
 
منگل کو جے پور میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف کھیلے گئے اہم مقابلے میں ویبھو نے صرف 38 گیندوں پر 93 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز کی بدولت راجستھان نے نہ صرف اہم کامیابی حاصل کی بلکہ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھی پوزیشن بھی مضبوط کر لی۔
 
ویبھو سوریاونشی اب تک 13 میچوں کی 13 اننگز میں 579 رنز بنا چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔  اس وقت اورنج کیپ ان کے پاس ہے اور سیزن کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن چکے ہیں۔
 
ویبھو نے اس سیزن میں 50 چوکے اور 53 چھکے لگائے ہیں۔ وہ موجودہ سیزن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل کے ایک سیزن میں کسی ہندوستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔
 
لکھنؤ سپر جائنٹس کے مچل مارش اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے راجستھان کے خلاف 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد سیزن میں اپنے مجموعی رنز 563 تک پہنچا دیے ہیں۔ مارش نے اب تک ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائی ہیں۔
 
سن رائزرز حیدرآباد کے ہینرک کلاسن 555 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ گجرات ٹائٹنز کے سائی سدرشن 554 اور شبمن گل 552 رنز کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں مقام پر موجود ہیں۔ سیزن اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اب اورنج کیپ کی دوڑ مزید دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔