وقف ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اب اس پر حکمراں ممبران پارلیمنٹ اور اپوزیشن ممبران پارلیمنٹ کے درمیان بحث جاری ہے۔نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے اراکین پارلیمنٹ کو بل پر بولنے کے لیے 4 گھنٹے 40 منٹ کا وقت دیا گیا ہے، جب کہ بل پر بحث کے لیے کل 8 گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ضرورت کے مطابق وقت میں توسیع کیا جا سکتا ہے۔
راہل گاندھی بحث میں حصہ نہیں لیں گے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے یہ بل لوک سبھا میں پیش کیا ہے۔ این ڈی اے کی جانب سے سب سے پہلے ایم پی روی شنکر پرساد نے بحث شروع کی۔ اس کے بعد جگدمبیکا پال اور تیجسوی سوریا بھی خطاب کریں گے۔اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے قائد حزب اختلاف راہول گاندھی بحث میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان کی جگہ کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی اور عمران مسعود بحث میں حصہ لیں گے۔کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کالے کپڑے پہن کر پارلیمنٹ پہنچے ہیں۔
این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے ممبران پارلیمنٹ کی کیا تیاریاں ہیں؟
لوک سبھا میں بل پیش کرنے سے پہلے، کانگریس نے منگل کو تمام پارٹی لوک سبھا ممبران کو تین سطری وہپ جاری کیا، جس میں انہیں اگلے تین دنوں تک ایوان میں موجود رہنے کو کہا۔صبح 9.30 بجے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ ہوئی، جس میں سونیا گاندھی ، ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور دیگر کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔بی جے پی کو بل پر تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) سمیت دیگر تمام اتحادیوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
لوک سبھا میں کتنے ممبران پارلیمنٹ ہیں؟
لوک سبھا میں فی الحال 542 ممبران ہیں۔ بل کی منظوری کے لیے 272 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت ضروری ہے۔ اس وقت بی جے پی کے پاس 240 ایم پی ہیں۔حکومت کو جنتا دل یونائیٹڈ کے 12، ٹی ڈی پی کے 16، لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے 5، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے 2 اور شیو سینا کے 7 ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔این ڈی اے کے پاس کل 293 ایم پی ہیں، جو کہ اکثریت کے لیے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ہے۔ اپوزیشن انڈیا اتحاد کے پاس 238 ممبران پارلیمنٹ ہیں۔