Monday, May 18, 2026 | 30 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی سے گجرات تک موسم کا حال: شدید گرمی کے درمیان آندھی اور بارش کا الرٹ جاری

دہلی سے گجرات تک موسم کا حال: شدید گرمی کے درمیان آندھی اور بارش کا الرٹ جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 17, 2026 IST

دہلی سے گجرات تک موسم  کا حال: شدید گرمی کے درمیان آندھی اور بارش کا الرٹ جاری
ملک کے کئی حصوں میں ایک طرف جہاں آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے، وہی دوسری طرف اب گرمی نے دوبارہ شدت اختیار کر لی ہے۔ کئی ریاستوں میں لُو (Heatwave) کا قہر شروع ہو گیا ہے۔ ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور گجرات کے کئی شہروں میں ہفتہ کو درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر چلا گیا، جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) نے شمالی بھارت میں گرمی مزید بڑھنے کے ساتھ ساتھ آندھی اور بارش کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔
 
دارالحکومت دہلی میں شام کو بدلے گا موسم:
 
دہلی سمیت این سی آر (NCR) میں 17 مئی کو شدید گرمی کے ساتھ ساتھ شام کے وقت گرد آلود آندھی چلنے، بجلی چمکنے اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ ادھر اتر پردیش میں بھی گرمی کا اثر بڑھ رہا ہے، جہاں باندا ضلع میں درجہ حرارت 44.8 ڈگری تک پہنچ گیا ہے اور جنوبی حصوں میں لُو چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
 
ان ریاستوں میں شدید گرمی کا قہر:
 
راجستھان کے مغربی اضلاع میں شدید گرمی دیکھی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیکر، ہنومان گڑھ، جالور اور سروہی سمیت 8 اضلاع میں لُو کا 'یلو الرٹ' جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ بیکانیر، شیکھاوتی، جے پور اور بھرت پور کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔ دوسری طرف، بہار میں 22 مئی تک موسم خراب رہنے اور شدید بارش و آندھی کی وارننگ دی گئی ہے، جبکہ مدھیہ پردیش میں کچھ مقامات پر بادل برس سکتے ہیں۔
 
ان ریاستوں میں ہوگی بارش:
 
پہاڑی ریاست اتراکھنڈ میں آج بارش اور تیز ہواؤں کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے، جبکہ ہماچل پردیش میں اگلے 2 دنوں تک بادل چھائے رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا تخمینہ ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں،ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ اروناچل پردیش میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ جنوبی ریاست کیرالہ میں بھی 20 مئی تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔