Saturday, May 09, 2026 | 21 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مغربی بنگال: سویندو ادھیکاری ہوں گے نئے وزیراعلیٰ، کل صبح 11 بجے حلف برداری

مغربی بنگال: سویندو ادھیکاری ہوں گے نئے وزیراعلیٰ، کل صبح 11 بجے حلف برداری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 08, 2026 IST

 مغربی بنگال: سویندو ادھیکاری ہوں گے نئے وزیراعلیٰ، کل صبح 11 بجے حلف برداری
مغربی بنگال میں نومنتخب بی جے پی قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں ممتا بنرجی کو الیکشن میں شکست دینے والے سویندو ادھیکاری کے نام پر بطور وزیراعلیٰ مہر لگ گئی ہے۔ اس اہم اجلاس کے دوران خود وزیر داخلہ مبصر کے طور پر موجود تھے۔ سویندو ادھیکاری کل تاریخی بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ بھی حکومت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
 
 رپورٹ میں دعویٰ: روپا گانگولی بنیں گی نائب وزیراعلیٰ
 
رپورٹ کے مطابق کل ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں صرف وزیراعلیٰ اور دو نائب وزرائے اعلیٰ ہی حلف اٹھائیں گے۔ایک نائب وزیراعلیٰ کے طور پر روپا گانگولی کے نام کی منظوری دے دی گئی ہے۔دوسرا نائب وزیراعلیٰ کوئی مرد رہنما ہوگا، جس کے نام کا انکشاف آج شام 5 بجے تک ہونے کی امید ہے۔رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ سویندو ادھیکاری وزارتِ داخلہ کا قلمدان اپنے پاس رکھیں گے، تاہم ابھی اس کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔
 
 کون ہیں سویندو ادھیکاری ؟
 
سویندو ادھیکاری کرکولی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ششیر ادھیکاری منموہن سنگھ حکومت میں سابق مرکزی وزیر مملکت تھے۔ سویندو نے اپنی سیاست کا آغاز کانگریس سے کیا اور 1995 میں کانتھی میونسپلٹی کے کونسلر اور 2006 میں کونٹائی سے ایم ایل اے منتخب ہوئے۔ وہ 2007-08 میں نندی گرام تحریک کے دوران TMC سے وابستہ ہوئے اور پارٹی کو اقتدار دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2020 میں وہ بی جے پی میں شامل ہوئے اور 2021 کے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کو شکست دی۔ وہ بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہ چکے ہیں۔
 
 حلف برداری میں وزیراعظم مودی کی شرکت:
 
کلکتہ میں کل ہونے والی حلف برداری کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ سمیت این ڈی اے (NDA) کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مرکزی قیادت کے تقریباً تمام بڑے رہنما شرکت کریں گے۔ ناگالینڈ کے وزیراعلیٰ نیفیو ریو سمیت کئی بڑے رہنما کولکتہ پہنچ چکے ہیں۔ ریاستی پولیس کا تخمینہ ہے کہ تقریب کے دوران 10 لاکھ افراد جمع ہو سکتے ہیں۔
 
 ریاست میں پہلی بار بی جے پی کو اکثریت:
 
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج 4 مئی کو آئے تھے، جس میں بی جے پی نے ریاست کی 294 نشستوں میں سے 207 نشستیں جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری طرف ترنمول کانگریس (TMC) صرف 80 نشستوں تک محدود ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دو نشستوں سے انتخاب لڑا تھا اور دونوں پر انہیں سویندو ادھیکاری کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس کو صرف 2 نشستیں ملیں، اور اس طرح ریاست میں پہلی بار بی جے پی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔