Thursday, October 15, 2026 | 03 جمادى الأولى 1448
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پاکستان: پشاور کے ایک پرائیوٹ اسکول کی چھت گرنے سے 35 افراد جاں بحق

پاکستان: پشاور کے ایک پرائیوٹ اسکول کی چھت گرنے سے 35 افراد جاں بحق

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: 15 Oct 2026

 پاکستان:  پشاور  کے ایک پرائیوٹ اسکول کی چھت گرنے سے 35 افراد جاں بحق
پاکستان میں جمعرات کو ایک خوفناک سانحہ پیش آیا۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور  کے  نجی اسکول کی عمارت کی چھت گرنے سے متعدد بچوں اور ایک خاتون  استاد سمیت جملہ  35 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں 40 سے زائد دیگر طلباء شدید زخمی ہو گئے۔  اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ دیر کالونی میں پیش آیا جس میں متعدد بچے ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئے۔ییڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہےکہ اسپتال میں 33 لاشیں لائی گئی ہیں جب کہ 2 لاشیں نصیر اللہ بابر میموریل اسپتال میں لائی گئی ہیں۔
 
دل دہلا دینے والا واقعہ :سٹی پولیس چیف  
سٹی پولیس چیف میاں سعید نے انکشاف کیا کہ دل دہلا دینے والا واقعہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں پیش آیا۔ پولیس نے حادثے کے سلسلے میں اسکول کے مالک کو پہلے ہی گرفتار کر لیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے۔
 
 ہسپتال ترجمان کا بیان 
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے تصدیق کی کہ حادثے میں 6 طالبات سمیت 28 طالبات اور ایک خاتون ٹیچر جان کی بازی ہار گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہوئے تمام بچوں کی عمریں7سال سے  13 سال  کےدرمیان تھیں۔انھوں نے واضح کیا کہ زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کے لیے اسپتال میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
 
اسکول کا مالک گرفتار 
دوسری جانب سی سی پی او پشاور میاں سعید نے بتایا کہ واقعے میں زخمیوں کی تعداد 40 سے زیادہ ہے جب کہ نجی اسکول کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اسکول کے پرنسپل کو بھی حراست میں لےلیا ہے،  یہ ادارہ کب بنا تھا، اس کی انکوائری ہو رہی ہے، واقعے تحقیقات ہو رہی ہیں، ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
 
 جانچ کی دی گئی ہدایت 
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت 3 منزلہ تھی، واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے، انکوائری کمیٹی چھت گرنے کی وجوہات کا پتا لگائےگی۔ریسکیو حکام کے مطابق اسکول کی عمارت کا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے اور ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ پشاور کے ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر نے عمارت گرنے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ امدادی کاروائیاں جاری ہیں کیونکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
 
 اسکول مالک کا دعویٰ
نجی اسکول کے مالک خان محمد نے بتایاکہ اسکول کی بنیاد ڈیڑھ سال پہلے رکھی تھی، کئی دنوں سے بارش ہوئیں، اس وجہ سے واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ صبح خود وہ  متاثرہ کلاس میں گئے  تھے ، واقعہ ہوا تو تمام اساتذہ کو بلاکر بچوں کو نکالنا شروع کیا، دوسری منزل پر صرف ایک کمرہ گرا، ایک کمرے کی وجہ سے نیچے کے کمرے بھی گرے، متاثرہ کلاس میں تقریباً 30 بچے تھے،مجموعی طور پر اسکول میں 350 طلبہ زیرتعلیم تھے۔
 
اسکول عمارتوں کی ہوگی جانچ 
دوسری جانب سیکرٹری ایجوکیشن عنایت اللہ وسیم کا کہنا ہے کہ عمارت مخدوش حالت میں تھی، ہمیں عمارت سے متعلق کسی نے نہیں بتایا، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی بنادی ہے۔سیکرٹری نے مزید کہا کہ سرکاری  و نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ کیاجائے گا، زخمی بچوں کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
 
 پی ایم کا اظہار تشویش 
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور حکام کو زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی گورنر فیصل کریم کنڈی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔