تلنگانہ کے ضلع عادلآباد میں پولیس نے ایک بین الاضلاعی گینگ کو گرفتار کرلیا جو کالا جادو ،اور پوجا پاٹھ کے ذریعے رقم دْگنی یا چوگنی کرنے کا جھانسہ دے کر عوام کو دھوکا دے رہا تھا۔ ضلع پولیس سربراہ آکھل مہاجن، آئی پی ایس، نے پیر کو ضلع پولیس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کاروائی کی تفصیلات بتائیں۔ ایس پی کے مطابق ایچوڑہ منڈل میں این ایچ-44 پر ٹی جی ڈبلیو آر جے سی اسکول کے قریب 19 نومبر کی شام تازہ واقعہ پیش آیا، جب شکایت گزار ٹوکا لا راجو اپنے ساتھی سریپتی شنکر کے ساتھ یہ سمجھ کر وہاں پہنچا کہ اس کی رقم پر پوجا کے بعد اضافہ کر دیا جائے گا۔
راجو نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل عادلآباد بس اسٹینڈ پر ملزمین نے خود کو طاقتور عامل ظاہر کیا اور ایک روپے کے نوٹ کو دس روپے میں بدل دینے کا دعویٰ کیا تھا۔ متاثرہ نے اس جھانسے میں آکر 3 لاکھ روپے نقد لے کر طے شدہ مقام پر پہنچا، جہاں ملزمان نے مبینہ طور پر رقم چھین لی، راجو اور شنکر پر حملہ کیا اور کار میں فرار ہوگئے۔ اگلے دن شکایت درج ہوتے ہی پولیس نے مقدمہ قائم کیا اور تفتیش کے بعد 5 ملزمان کو اچوڑہ پولیس نے حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم اترم پرشورام پہلے بھی اسی انداز سے لوگوں کو لوٹتا رہا ہے۔ گینگ پہلے لالچ دیتا کہ رقم دگنی یا چوگنی ہوجائے گی، پھر نقدی سے بھرا بیگ سفید کاغذوں یا کھلونا نوٹوں والے بیگ سے بدل دیتا اور متاثرین سے کہتا کہ 5 سے 10 دن تک بیگ نہ کھولیں۔ جب شکوک ظاہر ہوتے تو یہ کہہ کر مزید رقم مانگ لی جاتی کہ پوجا ناکام ہوگئی، مزید رسومات درکار ہیں۔ پولیس کے مطابق اس گینگ نے منچریال، کریم نگر، پداپلی، نظام آباد، آصفآباد، کماریڈی سمیت متعدد اضلاع میں لوگوں کو نشانہ بنایا۔ کاروائی میں 3,74,000 روپے نقد، 3 کاریں اور 4 موبائل فون برآمد کیے گئے۔
عادلآباد ضلع میں اس گینگ کے خلاف کل 8 مقدمات درج ہیں، جن میں اتنور کے 2، اندرولی کے 5 اور ایچوڑہ کا 1 مقدمہ شامل ہے۔ اب تک 10 متاثرین کی نشاندہی ہوچکی ہے جبکہ شبہ ہے کہ ریاست بھر میں 24 افراد کو دھوکا دیا گیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت اترم پرشورام (40)، منڈلی بکانّا (47)، نوگاڈے شیکھر (39)، منڈلی شیلَیش (27) اور شیخ علیم (36) کے طور پر کی گئی۔
ایس پی آکھل مہاجن نے عوام سے اپیل کی کہ کالاجادو یا پوجا پاٹھ کے ذریعے رقم دگنی کرنے کے دعووں پر ہرگز یقین نہ کریں اور چنین دعویٰ کرنے والا کوئی شخص ملے تو فوراً قریب ترین تھانے کو اطلاع دیں۔ پولیس نے بتایا کہ مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر مفرور ساتھیوں و متاثرین کی تلاش بھی کی جارہی ہے۔






